وزیراعظم شہباز شریف سے یورپی یونین کے سفیر کی ملاقات، جی ایس پی پلس سکیم کے کلیدی کردار پر زور
پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، ترقی، سلامتی اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں خصوصاً تجارت، سرمایہ کاری، ترقی و سلامتی، مائیگریشن اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تجارت کے فروغ میں جی ایس پی پلس سکیم کے کلیدی کردار پر زور دیا ہے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے یورپی یونین کے پاکستان میں سفیر رائمونڈاس کاروبلس نے جمعرات کو اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر سید توقیر شاہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے یورپی یونین کے سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ باہمی مفاد پر مبنی تجارتی تعلقات، بالخصوص جی ایس پی پلس کے تحت تجارت کے فروغ کے اقدامات پر قریبی تعاون کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے چند ماہ قبل پاکستان میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے والے یورپی یونین کے سفیر کا خیرمقدم بھی کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ جی ایس پی پلس سکیم نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تجارت کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اور حکومت پاکستان اس فریم ورک کے تحت تجارتی روابط کو مزید وسعت دینے کی خواہاں ہے۔
انہوں نے گزشتہ برس نومبر میں برسلز میں منعقد ہونے والے پاکستان-یورپی یونین سٹریٹجک ڈائیلاگ کے ساتویں دور پر اطمینان کا اظہار کیا، جس میں پاکستانی وفد کی قیادت نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کی تھی۔
یورپی یونین کے سفیر رائمونڈاس کاروبلس نے پاکستان آمد کے بعد وزیراعظم کی جانب سے ملنے والے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ وہ پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کو تمام شعبوں میں مزید مضبوط بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے یورپی یونین کی قیادت کی جانب سے وزیراعظم کے لیے نیک خواہشات کا پیغام بھی پہنچایا۔
یورپی یونین کے سفیر نے کہا کہ یورپی یونین جی ایس پی پلس کے تحت تجارت کے فروغ کے ساتھ ساتھ مختلف تجارتی سرگرمیوں، جن میں اپریل میں منعقد ہونے والا پہلا یورپی یونین-پاکستان بزنس فورم بھی شامل ہے، کے ذریعے پاکستان کے ساتھ قریبی روابط بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔



