Businessعالمی

روانڈا کافی فیسٹیول کا افتتاح، مشرقی افریقہ کے ساتھ اقتصادی تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کا پاکستان اور روانڈا کے درمیان براہ راست سپلائی چین اور تجارتی روابط کے فروغ پر زور

وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور روانڈا کی زرعی معیشتوں کے اشتراک سے ایک مضبوط عالمی خوراک کی سپلائی چین قائم کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں روانڈا کافی فیسٹیول کے افتتاح کے موقع پر روانڈا کے وزیر تجارت و صنعت پروڈنس سیباہیزی سے ملاقات کے دوران کہی۔

کافی فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تجارت نے مشرقی افریقہ کے ساتھ اقتصادی تعاون بڑھانے کے پاکستان کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر دونوں وزرا کے درمیان تفصیلی ملاقات ہوئی جس میں براہ راست سپلائی چین کے قیام، کاروبار سے کاروباری روابط کے فروغ اور تجارت، زراعت، مینوفیکچرنگ، سرمایہ کاری اور لاجسٹکس کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان اور روانڈا دونوں زراعت پر مبنی معیشتیں ہیں اور ان کے باہمی اشتراک سے عالمی سطح پر خوراک کی سپلائی چین کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اگرچہ روانڈا کی پاکستان کو برآمدات میں روایتی طور پر چائے کا غلبہ رہا ہے، تاہم پاکستان میں کافی کی کھپت خصوصاً نوجوان آبادی میں تیزی سے بڑھ رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے نشاندہی کی کہ پاکستان سالانہ تقریباً 3 ارب امریکی ڈالر کی چائے درآمد کرتا ہے جبکہ کافی کے استعمال میں بھی واضح اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روانڈا کی اعلیٰ معیار کی کافی، مسابقتی قیمتیں اور جغرافیائی قربت اسے پاکستانی مارکیٹ میں قدرتی برتری فراہم کرتی ہیں۔

جام کمال خان کے مطابق 250 ملین سے زائد آبادی پر مشتمل پاکستان کی مارکیٹ روانڈا کی کافی برآمدات کے لیے نہ صرف ایک بڑی منڈی ہے بلکہ وسطی ایشیا، مغربی چین اور دیگر ہمسایہ خطوں تک رسائی کے لیے بھی مستقبل میں ایک اہم گیٹ وے ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جاری ٹیرف ریشنلائزیشن پالیسی کے تحت ٹیرف لائنوں میں بتدریج کمی کی جائے گی جس سے درآمدات مزید مسابقتی بن سکیں گی۔

وفاقی وزیر نے روانڈا سے ایوکاڈو، دالوں اور پھلیوں کی درآمد میں پاکستان کی دلچسپی کا اظہار کیا اور فائیٹو سینیٹری سرٹیفیکیشن کے عمل میں سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

روانڈا کے وزیر تجارت و صنعت پروڈنس سیباہیزی نے پاکستان کو روانڈا کے لیے ایک بڑی ممکنہ منڈی قرار دیتے ہوئے کہا کہ روانڈا کافی فیسٹیول پریمیئم کافی کو پاکستانی مارکیٹ میں متعارف کرانے کی ایک جامع حکمت عملی کا حصہ ہے۔ انہوں نے افریقی کانٹی نینٹل فری ٹریڈ ایریا کے تحت 1.4 ارب سے زائد افراد پر مشتمل مارکیٹ تک رسائی کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔

دونوں فریقین نے تیسرے ممالک کے ذریعے ٹرانس شپمنٹ پر انحصار کم کرنے کے لیے براہ راست پاکستان-روانڈا سپلائی چین کے قیام، مجوزہ مفاہمتی یادداشت پر پیش رفت اور لائٹ انجینئرنگ، فارماسیوٹیکل، کاسمیٹکس، زرعی آلات، کان کنی، معدنیات، آئی ٹی، ڈیجیٹلائزیشن اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button