کھیلوں کی دنیا

کراچی میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، انڈر 15 کرکٹ میں مستقبل کے اسٹارز موجود ہیں: ندیم عمر

آر سی اے انڈر 15 چیلنج لیگ کا شاندار آغاز، افتتاحی میچ میں محمد امام کی شاندار سنچری، کراچی کے نوجوان کھلاڑیوں کا بہترین مظاہرہ

کراچی ہمیشہ سے پاکستان کرکٹ کا گڑھ رہا ہے اور یہاں ٹیلنٹ کی کبھی کمی نہیں رہی۔ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن (آر سی اے) کراچی کے زیر اہتمام انڈر 15 چیلنج لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ کے افتتاح کے موقع پر صدر آر سی اے کراچی ندیم عمر نے کہا ہے کہ انڈر 15 کرکٹ ٹورنامنٹ میں ایسے باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں جو مستقبل میں نہ صرف کراچی بلکہ پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کریں گے۔

اوول گراؤنڈ، این بی پی کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ندیم عمر کا کہنا تھا کہ کراچی کے نوجوان کھلاڑیوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور یہ ٹورنامنٹ ان صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہی کھلاڑی آگے چل کر قومی ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔

صدر آر سی اے کراچی نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی اور ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز عبداللہ خرم نیازی کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بدولت کراچی کی ٹیم کو قائداعظم ٹرافی میں شرکت کا موقع ملا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے کھلاڑیوں نے قائداعظم ٹرافی جیت کر ثابت کیا کہ وہ اس ایونٹ میں شرکت کے مکمل حقدار تھے۔

ندیم عمر کا مزید کہنا تھا کہ انڈر 15 اور انڈر 17 کرکٹ ٹورنامنٹس عبداللہ خرم نیازی کے “کرکٹ سب کے لیے” پروگرام کا حصہ ہیں، جس کا مقصد ملک بھر سے باصلاحیت کھلاڑیوں کو سامنے لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ٹورنامنٹس کے ذریعے نوجوان کھلاڑیوں کو قومی سطح پر اجاگر کیا جا رہا ہے، جو پاکستان کرکٹ کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔

اس موقع پر چیئرمین ٹورنامنٹ کمیٹی آر سی اے کراچی خالد نفیس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ندیم عمر نہ صرف کرکٹ کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں بلکہ ان کی قیادت میں کراچی کرکٹ ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ندیم عمر وہ صدر ہیں جو پس منظر میں رہ کر کام کرتے ہیں اور ان کا مقصد زیادہ سے زیادہ کراچی کے کھلاڑیوں کو ملکی سطح پر نمائندگی دلوانا ہے۔

بعد ازاں ندیم عمر نے گیند کو ہٹ لگا کر آر سی اے انڈر 15 چیلنج لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ کا باضابطہ افتتاح کیا۔ افتتاحی میچ میں آر سی اے گرین نے آر سی اے یلو کو 108 رنز سے شکست دے دی۔ آر سی اے گرین نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 3 وکٹوں کے نقصان پر 287 رنز بنائے۔ محمد امام نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 23 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 145 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ قاضی سید جاسر الدین نے 40، ارمان شہزاد نے 32، حسان احمد صدیقی نے 31 اور ریان خان نے 19 رنز بنائے۔

جواب میں آر سی اے یلو کی ٹیم 6 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز ہی بنا سکی۔ ازان عباسی نے 59، سفیان نفیس نے 36 اور جازم علی خان نے 30 رنز اسکور کیے۔ حسن فرحان اور محمد شایان نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

دوسرا میچ جناح کالج گراؤنڈ میں کھیلا گیا جہاں آر سی اے بلوز نے آر سی اے وائٹس کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔ آر سی اے وائٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 144 رنز بنائے، مسعود علی 82 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ سید شان باقر نے 4 جبکہ حیدر علی اور عبدالرحمان نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں آر سی اے بلوز نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز بنا کر میچ باآسانی جیت لیا۔ ایش ملک نے 79 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ محمد ولی نے 23 اور فیصل قربان شاہ نے 19 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔

تقریب میں آر سی اے کراچی اور مختلف زونز کے عہدیداران، زونل و ریجنل کوچز اور کرکٹ سے وابستہ شخصیات کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر آر سی اے کراچی کی کاوشوں کو سراہا۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button