سپیکر قومی اسمبلی کی قیادت میں پارلیمانی وفد کا چین کا اہم دورہ
پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر تین روزہ سرکاری دورہ، پارلیمانی تعاون پر بات چیت متوقع

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی قیادت میں پاکستانی پارلیمانی وفد 19 سے 21 جنوری تک چین کا تین روزہ سرکاری دورہ کرے گا۔ یہ دورہ چین کی نیشنل پیپلز کانگریس کی سٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین ژاؤ لیجی کی خصوصی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔
قومی اسمبلی کے ترجمان کے مطابق سال 2026 میں یہ پاکستان کے پارلیمانی وفد کا چین کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔ یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی پچہترویں سالگرہ کے موقع پر منعقد ہو رہا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ، مضبوط اور سدا بہار دوستی کی علامت ہے۔
اس تاریخی موقع پر پاکستان اور چین نے اس اہم سنگِ میل کو بھرپور انداز میں منانے کے لیے سال بھر مشترکہ تقریبات کے انعقاد پر اتفاق کیا ہے۔ دورے کے دوران سپیکر قومی اسمبلی اور پارلیمانی وفد چینی پارلیمانی و سیاسی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں پارلیمانی تعاون، دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور باہمی روابط کو مزید مستحکم بنانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
پارلیمانی وفد میں وزیرِاعظم کی کوآرڈینیٹر برائے ماحولیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی اور کنوینر پاک چین فرینڈشپ گروپ رومینہ خورشید عالم، رکن قومی اسمبلی محمد نعمان، پارلیمانی سیکرٹری زیب جعفر اور رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری شامل ہیں۔ یہ دورہ پاک چین تزویراتی شراکت داری کو مزید وسعت دینے میں اہم پیش رفت ثابت ہونے کی توقع ہے۔


