
بٹگرام: صوبائی حکومت خیبر پختونخوا کی گڈ گورننس پالیسی اور صحت عامہ کے فروغ کے تحت ڈپٹی کمشنر بٹگرام اشتیاق احمد نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال بٹگرام کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر گل شہزاد کے ہمراہ نرسری اور بچوں کے وارڈ کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا۔دورے کے دوران میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر گل شہزاد نے ڈپٹی کمشنر کو ہسپتال کے انتظامی و طبی امور پر جامع بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ہسپتال کے مجموعی نظام میں نمایاں بہتری لائی گئی ہے، جس میں صفائی ستھرائی، مریضوں کی دیکھ بھال، ایمرجنسی سروسز، ادویات کی دستیابی اور مجموعی سروس ڈلیوری شامل ہیں۔ ایم ایس نے کہا کہ ٹیم ورک کے تحت پوری محنت سے کام کیا جا رہا ہے اور ڈی ایچ کیو ہسپتال کو ایک مثالی ادارہ بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔نرسری اور بچوں کے نئے قائم کیے گئے وارڈ کے حوالے سے ایم ایس نے بچوں کے لیے دستیاب جدید طبی سہولیات، طبی آلات، ایمرجنسی نگہداشت، عملے کی دستیابی اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق تفصیلی آگاہی دی۔ ڈپٹی کمشنر اشتیاق احمد نے اس اقدام کو ضلع بٹگرام کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے نومولود اور کم سن بچوں کے علاج معالجے میں نمایاں بہتری آئے گی اور عوام کو مقامی سطح پر معیاری صحت کی سہولیات میسر ہوں گی۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے مختلف وارڈز میں زیر علاج مریضوں کے اٹنڈنٹس سے ادویات اور دستیاب سہولیات کے بارے میں استفسار کیا، جس پر مریضوں اور ان کے لواحقین نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ، خصوصاً ایم ایس ڈاکٹر گل شہزاد کی کارکردگی کو سراہا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اشتیاق احمد نے ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال کو خصوصی داد دیتے ہوئے کہا کہ ہسپتال کے انتظام کو نہایت پیشہ ورانہ انداز میں بہتر کیا گیا ہے اور اسی جذبے اور پروفیشنلزم کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ مریضوں کو بہترین سہولیات، شفاف اور بروقت سروس ڈلیوری، صفائی اور نظم و ضبط کو ہر صورت برقرار رکھا جائے اور اس میں مزید بہتری لائی جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے امید ظاہر کی کہ ہسپتال انتظامیہ اسی لگن اور جذبے کے ساتھ عوامی خدمت کے مشن کو جاری رکھے گی۔


