چوبیس گھنٹے میں یمن سے فوج واپس بُلائیں , سعودی عرب کا متحدہ عرب امارات سے مطالبہ
سعودی سربراہی میں قائم اتحاد نے ’محدود فضائی کارروائی‘ کرتے ہوئے یمن کی مکلا بندرگاہ کو نشانہ بنایا
سعودی عرب کی سربراہی میں قائم اتحاد کی جانب سے یمن میں کیے گئے ایک فضائی حملے میں متحدہ عرب امارات سے آنے والے ہتھیاروں اور فوجی گاڑیوں کو نشانہ بنانے کے بعد سعودی عرب نے مطالبہ کیا ہے کہ یو اے ای یمن کی درخواست پر عمل کرتے ہوئے 24 گھنٹے میں یمن سے اماراتی فوجیوں کو واپس بُلا لے گا۔
سعودی وزرات خارجہ کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب سعودی سربراہی میں قائم اتحاد نے ’محدود فضائی کارروائی‘ کرتے ہوئے یمن کی مکلا بندرگاہ کو نشانہ بنایا جہاں سعودی عرب کے مطابق متحدہ عرب امارات کی جانب سے بغیر اجازت ہتھیار اور جنگی گاڑیاں اُتاری جا رہی تھیں۔
یاد رہے کہ یمن میں جاری خانہ جنگی میں متحدہ عرب امارات سدرن ٹرانزیشنل کونسل (ایس ٹی سی) کا حامی ہے اور اس گروہ نے حالیہ دنوں میں یمن کے علاقوں میں پیش قدمی کرتے ہوئے اپنی پوزیشن مضبوط کی ہے۔ ادھر سعودی عرب ایس ٹی سی کی مخالفت کرتا ہے اور یمن میں قائم حکومت کا ساتھ دیتا ہے۔
سعودی عرب کی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں یمن میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے سدرن ٹرانزیشنل کونسل (ایس ٹی سی) کو فوجی مدد فراہم کرنا یمن اور سعودی عرب کی قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔
سعودی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے اقدامات ’اتحاد کے اصولوں کے خلاف ہیں‘ اور اِن سے یمن میں قیام امن کی کوششوں کو نقصان پہنچا ہے۔



