یوم قائد اور کرسمس کا دن خوشیوں اور اخوت کا دن ہے وزیر شرجیل انعام

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے یوم قائد اور کرسمس کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ یوم قائد اور کرسمس کا دن خوشیوں اور اخوت کا دن ہے، پوری قوم یوم قائد اور مسیحی برادری کرسمس ڈے کی خوشیاں منا رہی ہے، اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں پر مبنی قائد اعظم کا وژن آج بھی قوم کے لیے مشعل راہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں تمام اختلافات اور تقسیم کو پس پشت ڈال کر ملک کی ترقی اور عوام کی فلاح کے لیے اجتماعی محنت کرنی ہوگی، قائدِ اعظم کے پاکستان کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ضروری ہے کہ ہر شہری کو مساوی مواقع میسر ہوں، تمام شہری آزادی اور عزت کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔
اینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ قوم کو اپنے قومی تشخص اور اقدار کے فروغ کے لیے اجتماعی کوششیں کرنا ہوں گی تاکہ پاکستان میں تمام برادریوں کے حقوق محفوظ رہیں، پاکستان کی فلاح و بہبود کے لیے ہمیں انا اور تعصب کو بھلا کر ایک مضبوط اور متحد قوم بننا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ کرسمس ہمیں امن، محبت اور ہمدردی کے حقیقی پیغام کی یاد دلاتا ہے، اور ہمیں یہ سکھاتا ہے کہ ہم سب مل کر ایک خوشحال معاشرہ تشکیل دیں، پیپلز پارٹی قائدِ اعظم کے اصولوں کے مطابق اقلیتی برادری کے حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔


