قومی

پاکستان عالمی سطح پر اپنا منفرد مقام بنا چکا ، اپنی خود مختاری کی حفاظت کرنا جانتا ہے، بلاول بھٹو زرداری

عوام متحد رہے تو پاکستان کبھی ناکام نہیں ہوگا،پاکستان کی خدمت کرنا اور تعلیم کے معیار کو بہتر بنانا ہم سب کی اولین ترجیح ہے

جامشورو پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر اپنا منفرد مقام بنا چکا ، پاکستان اپنی خود مختاری کی حفاظت کرنا جانتا ہے، عوام متحد رہے تو پاکستان کبھی ناکام نہیں ہوگا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے کیڈٹ کالج پٹارو میں 63ویں یوم والدین کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ بلاول بھٹو زرداری نے پاسنگ آوٹ پریڈ میں شرکت کو اپنے لئے اعزاز قرار دیا اور کہا کہ کیڈٹ کالج پٹارو ایک بہترین ادارہ ہے، نوجوانوں کی کردار سازی میں کیڈٹ کالج پٹارو کا اہم کردار ہے۔کیڈٹ کالج کا ڈسپلین سزا نہیں بلکہ آزادی ہے۔جب قوم آواز دے تو آپ نے ہمت کے ساتھ جواب دینا ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کی خدمت کرنا اور تعلیم کے معیار کو بہتر بنانا ہم سب کی اولین ترجیح ہے ہمارا ملک عالمی سطح پر اپنا منفرد مقام بنا چکا ہے۔ ٹیلنٹ کے بہترین استعمال سے ہی ترقی ممکن ہے اور نوجوان ہمارا مستقبل ہیں۔ سندھ ہمیشہ سے پاکستان کے ساتھ دل کی طرح رہا ہے، جب قوم آواز دے تو آپ کو ہمت کے ساتھ جواب دینا ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی کا مزید کہنا تھا کہ قوم کی طاقت صرف ہتھیاروں سے نہیں بلکہ اس کے کردارسے ہوتی ہے، پاکستان اپنی خودمختاری کی حفاظت کرنا جانتا ہے اور مسلح افواج ملک کی حفاظت کیلئے دن رات کوشاں ہے۔ہماری آرمڈ فورسز نے دوبارہ ثابت کیا کہ ہماری سرحدیں محفوظ ہیں۔ اگر عوام متحد رہے تو پاکستان کبھی ناکام نہیں ہوگا ۔قبل ازیں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو گارڈ مارچ پیش کیا گیا،تقریب میں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سمیت ارکان صوبائی اور قومی اسمبلی نے شرکت کی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا،بلاول بھٹو زرداری نے پرنسپل کیڈٹ کالج کموڈور فیصل اقبال قاضی کے ہمراہ پریڈ کا معائنہ کیا ۔۔ اور فیکلٹی ممبران سے ملاقات کی جہاں پرنسپل نے فیکلٹی کا تعارف کرایا،پرنسپل نے تقریب میں کالج کی سالانہ رپورٹ بھی پیش کی جس میں تعلیمی اور تربیتی سرگرمیوں کی تفصیلات اجاگر کی گئیں۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button