پاکستانی مصنوعات عالمی سطح پر اپنی پہچان رکھتی ہیں,گورنر سندھ
کراچی گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے الجزائر کے سفیر ڈاکٹر ابراہیم رومانی نے گورنر ہاؤس کراچی میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور الجزائر کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور سفارتی تعلقات کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔الجزائر کے سفیر نے پاکستان سے برآمد کی جانے والی مصنوعات کے اعلیٰ معیار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی مصنوعات عالمی سطح پر اپنی پہچان رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے الجزائر کو کپاس، یارن، ٹیکسٹائل، بیڈ شیٹس، تولیے، کھیلوں، سرجیکل سامان اور مہندی برآمد کی جاتی ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو مضبوط بناتی ہیں۔سفیر نے گورنر سندھ کے عوامی فلاحی اقدامات اور مختلف انشیٹیوز کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت کے میدان میں گورنر سندھ کی کاوشیں مثالی ہیں۔گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ پاکستان اور الجزائر کے درمیان تجارتی تعلقات میں وسعت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے اقتصادی و سفارتی روابط مزید مستحکم بنانے کے لیے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے۔



