قومی

وفاق منصوبے دیتا ہے مگر فنڈز نہیں: ناصر شاہ

مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح، بلا تفریق تعاون کی پیشکش

کراچی : وزیر بلدیات و ہاؤسنگ و ٹاؤن پلاننگ سندھ سید ناصر حسین شاہ نے وزیر محنت سعید غنی کے ہمراہ ضلع وسطی میں متعدد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا۔ ان منصوبوں میں مرکز کھیل و ثقافت، کریم آباد انڈر پاس اور امیر خسرو روڈ کی بحالی شامل ہے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ناصر شاہ نے کہا کہ صوبے کی ترقی کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کے وژن اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت کے مطابق تمام جماعتوں، بشمول جماعت اسلامی، پی ٹی آئی، ایم کیو ایم سمیت، سے تعاون کا اظہار کیا بشرطیکہ مقصد شہر کی ترقی اور عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہو۔


انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت عوام کی مشکلات کو حل کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہے اور مسائل کی نشاندہی کر کے ان کا حل یقینی بنایا جائے گا۔ وزیر بلدیات نے زور دے کر کہا کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے جو ملکی خزانے کو 60 سے 70 فیصد تک دیتا ہے، لیکن وفاق کی طرف سے اس کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے۔

“وفاق سندھ کے لیے منصوبے ضرور بناتا ہے، مگر فنڈز فراہم نہیں کرتا۔ وفاقی بجٹ میں سندھ کا حصہ دیکھیں، کیا ایک BRT کافی ہے؟ دیگر صوبوں کی ترقیاتی فنڈنگ سندھ کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔” ناصر شاہ نے کہا کہ سکھر-کراچی موٹروے آج تک تعمیر نہیں ہوا، اور ہم چیئرمین بلاول بھٹو کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے کراچی کو خوبصورت بنائیں گے۔

کریم آباد انڈر پاس کے دورے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یوٹیلٹی سروسز کے مسائل کی وجہ سے کام میں تاخیر ہوئی جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے، تاہم متعلقہ افسران کے ساتھ وقتاً فوقتاً دورے کر کے کام کی رفتار کو بہتر بنایا جائے گا۔

ریڈ لائن BRT منصوبے کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیر بلدیات نے کہا کہ اس منصوبے کے اطراف کی سڑکوں کی خراب حالت پر وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل میمن نے سخت نوٹس لیا ہے اور متعلقہ حکام کو فوری طور پر مرمت کی ہدایات دی گئی ہیں۔

دہشت گردی کے خلاف قومی یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ناصر شاہ نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔ افغانستان کی جانب سے دہشت گردی پر پاک فوج نے بھرپور جواب دیا ہے اور اب سیز فائر کے لیے کہا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردوں اور ان کے ٹھکانوں کو ختم کرنا ضروری ہے۔

وزیر بلدیات نے غیر قانونی تعمیرات اور پانی چوری کے حوالے سے بھی کہا کہ کسی سے رعایت نہیں برتی جائے گی۔ شاہراہ بھٹو کے دوسرے مرحلے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے پر کور کمانڈر کراچی اور دیگر متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کیا۔

تقریب میں وزیر محنت سعید غنی نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی پوری ٹیم شہر کی ترقی کے لیے کام کر رہی ہے۔ تمام جماعتوں کے منتخب نمائندے اگر مل کر کام کریں تو کراچی کو خوبصورت بنایا جا سکتا ہے۔

افتتاحی تقریب میں سیکریٹری بلدیات اقبال سان، جناح ٹاؤن چیئرمین رضوان سمیع، پروجیکٹ ڈائریکٹر کلک عائشہ حمید، ڈی پی ڈی دادن لاشاری، انجینئر محمد سعد صدیق اور دیگر افسران و یوسیز کے نمائندگان بھی موجود تھے۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button