قومی

حکومت سندھ نے سرکاری گاڑیاں واپس نہ کرنے والے افراد کے خلاف مقدمات درج کروانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

حکومت سندھ نے سرکاری گاڑیاں واپس نہ کرنے والے افراد کے خلاف مقدمات درج کروانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
سندھ کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ سرکاری گاڑیاں واپس نہ کرنے اور ان کا غیر مجاز استعمال کرنے والوں کو نامزد کرکے ایف آئی آرز کٹوائی جائیں گی۔
سندھ کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے کفایت شعاری کا ایک اہم اجلاس سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت سندھ سیکریٹریٹ کراچی میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کے دفتر میں ہوا۔
اجلاس میں صوبائی وزیر برائے بلدیات، ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ، پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ سعید غنی، صوبائی وزیر برائے جیل خانہ جات و ورکس اینڈ سروسز علی حسن زرداری اور چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ، سیکریٹری جی اے محمد نواز سوہو نے شرکت کی۔
کمیٹی اجلاس میں حکومت سندھ کی متروکہ گاڑیوں کی نیلامی کا بھی فیصلہ کیا گیا، اجلاس میں معزز ممبران نے اپنی سفارشات پیش کیں، اخراجات میں کمی یقینی بنانے کی تجاویز دیں۔
اجلاس میں سرکاری گاڑیوں کے استعمال، پیٹرولیم، آئل اور لبریکنٹس کے اخراجات کو کنٹرول کرنے اور بے کار گاڑیوں کی نیلامی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں کمیٹی ممبران نے حکام کو ہدایات دیں کہ گاڑیوں کی الاٹمنٹ اور ریگولیٹ کرنے کے لیے واضح رہنما خطوط پر عملدرآمد یقینی بنائی جائے۔
اجلاس میں نیلامی کا عمل شفاف بنانے اور حاصل ہونے والے فنڈز ترجیحی منصوبوں کے لیے مختص کرنے کی تجاویز بھی پیش کی گئیں۔
اجلاس کے موقع پر بات کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سرکاری گاڑیوں کے غیر ضروری استعمال کے روک تھام اور پی او ایل کے بڑھتے ہوئے اخراجات کو کم کرنے کی ضرورت ہے، بے کار گاڑیوں کی نیلامی مکمل طور پر شفاف بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button