*انسدادِ پولیو صوبائی ٹاسک فورس میں فیک فنگر مارکنگ میں ملوث سٹاف اور اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے نہ پلانے والے سرکاری ملازمین کے خلاف سخت اقدامات کا فیصلہ*

انسدادِ پولیو صوبائی ٹاسک فورس کے اجلاس میں فیک فنگر مارکنگ میں ملوث سٹاف کے خلاف کریمینل کیسسز درج کرتے ہوئے سخت کارروائی عمل میں لانے اور اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے نہ پلانے والے سرکاری ملازمین کے خلاف قواعد و ضوابط کے تحت سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے. چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے سخت نوٹس لیتے ہوئے حکام کو اس ضمن میں پولیو سٹاف و سرکاری ملازمین کی فوری نشاندہی کرتے ہوئے فیک فنگر مارکنگ والے سٹاف کے خلاف کیسسز کے اندراج کو یقینی بنانے کی ہدایت کی، انہوں نے تمام انتظامی سیکرٹریز اور مجاز حکام کو ہدایت کی کہ ایسے والدین جو سرکاری ملازمین ہیں اور اپنے بچوں کو پولیو ویکسین پلانے سے انکاری ہیں ان سے تمام سرکاری مراعات واپس لیتے ہوئے قواعد و ضوابط کے تحت سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے. انہوں نے کہا کہ ایسے سرکاری ملازمین کو ڈائرکٹلی آبزروڈ ویکسینیشن سے بھی گزارا جائے. اسی طرح چیف سیکرٹری نے پولیو کیسسز سے متاثرہ ڈویژن، اضلاع، تحصیل اور یونین کونسلوں میں جامع اقدامات کرتے ہوئے مقامی آبادی سے بھی مدد لینے، گھر گھر مہم کے علاوہ ٹرانزٹ پوائنٹس، کمیونٹی سنٹرز، مقامی حجروں، بنیادی مراکز صحت، ہسپتالوں میں بھی بچوں کے لئے ویکسینیشن کی سہولیات دستیاب رکھنے کی ہدایت کی. چیف سیکرٹری نے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز کو مہم کے آغاز سے اختتام تک فیلڈ وزٹ کرتے ہوئے مہم کا ہر پہلو سے جائزہ لینے کی ہدایت کی، چیف سیکرٹری نے مہم کے ہر روز مقررہ وقت پر شروع اور اختتام یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ پشاور میں مہم کا وہ خود جائزہ لیں گے. پی ایم ار یو کو آغاز سے اختتام تک مقررہ اوقات کے تحت اضلاع میں شروعات اور اختتام کو ٹریک کرنے کی ہدایت کی گئی. چیف سیکرٹری نے احسن کارکردگی دکھانے والے آفیسرز کو تعریفی لیٹر جاری کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا جہاں کارکردگی کمزور ہے ان افسران سے وضاحت طلب کی جائے. چیف سیکرٹری نے محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کو پولیو ویکسینیشن پوائنٹس کے حوالے سے عوامی آگاہی مہم شروع کرنے کی ہدایت کی تاکہ عوام مہم کے دوران خصوصی ایام میں اور عمومی دنوں میں ان پوائنٹس سے استفادہ کرتے ہوئے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسینیشن میں خود حصہ لیں اور قومی فریضے ادا کریں. چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ خطے سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں، حالیہ کیسز کے تناظر میں سخت اقدامات کی ضرورت ہے، صوبائی حکومت اس حوالے سے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس قومی مشن میں معاشرے کے تمام طبقات کا تعاون لازم ہے۔ صوبائی ٹاسک فورس برائے انسدادِ پولیو کا یہ اجلاس چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری کی زیرصدارت سول سیکرٹریٹ پشاور میں جمعہ کے روز منعقد ہوا۔ اجلاس میں انسپکٹر جنرل آف پولیس اختر حیات خان بھی شریک ہوئے. متعلقہ انتظامی سیکرٹریز، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ حکام، کوآرڈینیٹر ای او سی، عالمی معاون اداروں یونیسف اور عالمی ادارہ صحت کے نمائندوں سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی جبکہ کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، آر پی اوز، ڈی پی اوز، ڈی ایچ اوز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس کا مقصد صوبے میں سامنے آنے والے حالیہ کیسز کے تناظر میں پولیو سے نمٹنے کے لیے حکمت عملیوں اور اقدامات پر تبادلہ خیال کرنا تھا. اجلاس کو صوبائی پولیو کوارڈینیٹر نے متاثرہ بچوں، یونین کونسلز میں پولیو مہمات اور حالیہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی. اجلاس میں گزشتہ صوبائی پولیو ٹاسک فورس کے اجلاس میں ہونے والے فیصلوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں صوبے کے بعض علاقوں میں پولیو کے کیسز میں حالیہ اضافے کے تناظر میں حکمت عملی کا اسر نو جائزہ لینے، مزید بہتر کرنے اور صحت عامہ کے اس اہم چیلنج سے نمٹنے کے لئے حکمت عملی سے متعلق اہم فیصلے بھی کئے گئے.اجلاس میں پولیو کے خاتمے کے لئے حکمت عملی کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے تجاویز بھی پیش کی گئیں۔ یاد رہے کہ انسدادِ پولیو کی قومی مہم 16 دسمبر سے شروع ہوگی، اس سات روزہ مہم میں صوبے بھر کے 6.55 ملین بچوں کی ویکسینیشن کا ہدف مقرر ہے.
۔۔۔۔۔۔



