ویڈنگ ہالز ایسوسییشن کے ویڈیو بیان کی شدید مذمت کرتے ہیں، ترجمان کیپرا
دھمکی آمیز ویڈیو بیان پر ایسوسیشن کےخلاف ایف ائی آر درج کرنے کا فیصلہ
پشاور۔ ترجمان خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی (کیپرا) نے شادی ہال ایسوسییشن کے دھمکی امیز ویڈیو بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ شادی ہال ایسوسیشن نے کیپرا کے افسران اور عملے کو باقاعدہ دھمکی دی ہے جو کہ کسی بھی صورت میں قابلِ قبول نہیں ہے اور کیپرا کے افسران اور عملے کو کسی قسم کے نقصان کی کی ذمہ داری شادی ہال ایسوسییشن پر لاگو ہوگی اور ان کے خلاف باقاعدہ ایف آئی آر درج کرنے کا فیصلہ کرلیا گیاہے۔ اس سلسلے میں خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی کی مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے اور قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد ایسوسیشن کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائےگی۔
ترجمان کیپرا کا کہنا تھا کہ کیپرا کے افسران خیبر پختونخوا اسمبلی کے بنائے گئے قانون کے مطابق صوبے میں سیلز ٹیکس آن سروسز کا انتظام سنبھالتے ہیں اور ٹیکس کی ادائیگی سب کا قانونی فرض ہے جس کو بھتے کا نام دینا اور یہ کہنا کہ وہ اپنی مرضی کے مطابق اپنے کسٹمرز سے ٹیکس وصول کریں گے صوبائی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے جس کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ٹیکس کی ادائیگی میں روکاوٹ ڈالنے والوں اور کیپرا کے افسران کو اپنے قانونی فرائض سر انجام دینے سے روکنے والوں کے خلاف صوبائی قوانین کے مطابق سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ترجمان کیپرا نے واضح کیا کہ شادی ہال مالکان کی درخواست پر صوبائی حکومت نے شادی ہالوں پر پرسنٹیج ریجیم کے ساتھ ساتھ فکسڈ ٹیکس ریجیم کا اجرا کیا اور شادی ہال انتظامیہ کو یہ اختیار دیا گیا کہ وہ دونوں میں سے کسی ایک ریجیم کا انتخاب کر کے اپنا ٹیکس ادا کریں۔ شادی ہال ایسوسییشن نے اس فیصلے کا باقاعدہ خیر مقدم کیا تھا اور اس بات کی یقین دہانی کرائی تھی کہ تمام شادی ہال باقاعدگی کے ساتھ اپنا ٹیکس ادا کیا کریں گے اس کے باوجود اس طرح کے اشتعال انگیز اور انتشار پر مبنی بیانات سمجھ سے باہر ہیں اور اس صوبے کے قوانین پر عمل کرنے سے انکار کے مترادف ہیں۔
ٹیکس کی ادائیگی ہمارا قومی فریضہ ہے آپ کے ٹیکس کی رقوم سے آپ کے صوبے میں ترقیاتی کام سرانجام دیئے جاتے ہیں۔ خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی کے افسران صوبائی اسمبلی کے قانون کے تحت صوبے میں ٹیکس کا انتظام سنبھال رہے ہیں جس کو بھتے کا نام دینا اور ان کو دھمکیاں دینا ان افسران کے صوبے کی ترقی کے لیے کی جانے والی کوششوں اور انتھک محنت کے ساتھ ظلم ہے۔
ترجمان کیپرا نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے صوبے کی ترقی اور خوشحالی کےلئے اپنا ٹیکس خوش اسلوبی سے ادا کریں اور شادی ہالوں اور دیگر سروسز سے وابستہ کاروباری افراد اور اداروں کو ٹیکس دینے کے بعد اس بات کی یقین دہانی کریں کہ ان کا ٹیکس خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی تک پہنچ رہا ہے۔ کسی بھی شکایت کی صورت میں کیپرا کے ساتھ رابطہ کریں۔



