عطا تارڑ کی مراد سعید کی احتجاج میں موجودگی کا دعوی مضحکہ خیز ہے اور مکمل جھوٹ بول رہے ہیںبیرسٹر ڈاکٹر سیف

وزیراعلی خیبر پختون خوا کے مشیر برائے اطلاعات تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا
ہے کہ عطا تارڑ کی مراد سعید کی احتجاج میں موجودگی کا دعوی مضحکہ خیز ہے اور مکمل جھوٹ بول رہے ہیں، مراد سعید احتجاج میں موجود تھے اور گرفتار نہیں ہوئے تو پھر اس نااہلی پر نااہل ٹولے کا نام گنیز بک آف ورلڈ میں لکھنا چاہئے، ہزاروں کارکنوں کو گرفتار کرسکتے تھے لیکن انکو مطلوب مراد سعید انکے آنکھوں سے اوجھل تھا یہ کیسے ہوسکتا ہے؟ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ مراد سعید کی خیبر پختونخوا میں موجودگی بارے بھی عطا تارڑ جھوٹ بول رہے ہیں،
مراد سعید خیبر پختونخوا میں کہیں پر بھی نہیں ہے، عطا تارڑ بے سر و پاں جھوٹ نہ بولے، انہوں نے کہا کہ عطا تارڑ سچ چھپانے کی کوشش میں ہر پریس کانفرنس میں پچھلے پریس کانفرنس کے دعووں کی نفی کرتے ہیں، سانحہ کے فوری بعد موصوف نے ڈی چوک جاکر ویڈیو بنائی اور دعوی کیا تھا کہ یہاں پر گولیوں کے کوئی خول نہیں ملے ہیں جبکہ اب دعوی کررہے ہیں کہ پی ٹی آئی احتجاج میں مسلح جھتے آئے تھے جس نے فائرنگ کی، اگر فائرنگ ہوئی ہے تو پھر خول نہ ہونے کا دعوی کیوں اور کیسے کیا تھا؟ عطا تارڑ ایک جھوٹ چھپانے کے لئے 100 جھوٹ بول رہے ہیں، بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ عطا تارڑ یہ بھی بتائیں کہ رات کو لائٹیس بند کرکے اندھیرا کس نے اور کس مقصد کے لئے بنایا اور کیا کنٹینر پر نماز پر بیٹھے شخص کو بھی پی ٹی آئی نے دھکا دے کر گرایا تھا؟، بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ پریس کانفرنسسز میں جھوٹ بول کر عوام کو بے وقوف نہیں بنایا جاسکتا، عطا تارڑ اگر گلا پھاڑ بھی لیں تو سچ کو نہیں دبا سکتے، مشیر اطلا عات نے کہا کہ خود کاروائی کرکے دوسروں کو موردالزام ٹھرانا انکا پرانا وطیرہ ہے، ماڈل ٹاون میں بھی قتل وغارت کرکے الٹا معصوم کارکنوں کو موردالزام ٹھرا رہے تھے۔۔۔۔



