*کیپرا کی شاندار کارکردگی،*

پشاور۔ خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی ( کیپرا) نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں 14.8 ارب روپے کے محاصل اکٹھے کر لیے جو کہ گزشتہ مالی سال کے پہلے چار ماہ کے مقابلے میں 40 فیصد زیادہ ہیں۔
ترجمان کیپر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، کیپرا نے گزشتہ مالی سال کے پہلے چار ماہ میں 10.58 ارب روپے کے محاصل اکٹھے کیے تھے، جس سے رواں مالی سال کے دوراں محاصل میں 40 اضافے کی تصدیق ہوتی ہے۔ مجموعی طور پر گزشتہ مالی سال کے پہلے چار ماہ کے مقابلے میں رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران کیپرا کے محاصل میں 4.26 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں سیلز ٹیکس آن سروسز انسر کی مد میں 11.25 ارب روپے جبکہ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سس کی مد میں3.59 ارب روپے کے محاصلے اکٹھے کیے گئے ہیں۔
گزشتہ مالی سال کے پہلے چار ماہ میں کیپرا نے سیلز ٹیکس آن سروسز کی مد میں 9.3 ارب روپے جبکہ انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ سس کی مد میں 1.28 ارب روپے جمع کیے تھے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران سیلز ٹیکس آن سروسز کی مد میں 21 فیصد جبکہ انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ سس کی مد میں 180 فیصد اضافہ ہوا ہے جو کہ ادارے کی شاندار کارکردگی کو ظاہر کرتا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی فوزیہ اقبال نے کیپرا کے افسران کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ اگر ہم اسی جوش و جذبے کے ساتھ کام کرتے رہے تو جون کے اختتام پر ہم نہ صرف رواں مالی سال کے لیے دیے گئے ہدف کو حاصل کریں گے بلکہ دیے گئے ہدف سے زیادہ کے محاصل اکٹھے کر لیں گے۔
انہوں نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا، جناب علی امین گنڈاپور، اور مشیر خزانہ، جناب مزمل اسلم، کا بھی شکریہ ادا کیا جن کی حمایت اور رہنمائی نے کیپرا کو مؤثر حکمت عملی تیار کرنے میں مدد دی، جس سےادارہ اپنے اہداف حاصل کرنے کی راہ پر گامزن ہے۔


