سویڈن اور ڈنمارک کا مذہبی کتابوں کی بے حرمتی کے واقعات روکنے پر غور
سٹاک ہوم : سویڈن اور ڈنمارک نے سکیورٹی خدشات میں اضافے کے پیش نظر مذہبی کتابوں کی بے حرمتی کے واقعات روکنے پر غور شروع کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈنمارک کے وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ قرآن پاک کی بے حرمتی پر ردعمل میں ہونے والا احتجاج انتہائی شکل اختیار کرسکتا ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ اس لیے حکومت ایسا قانونی راستہ تلاش کر رہی ہے جس سے نہ آزادی اظہار متاثر ہو اور نہ ہی دوسرے ملکوں یا ثقافتوں کی عزت میں کمی واقع ہو۔
سوئیڈش وزیراعظم کا کہنا ہے کہ معاملے کے حل کے لیے وہ ڈینش وزیراعظم سے رابطے میں ہیں۔
دوسری جانب قرآنِ پاک کی بے حرمتی پر سعودی عرب اور عراق کی درخواست پر اسلامی تعاون تنظیم کا اجلاس آج ہورہا ہے۔
سرکاری خبرایجنسی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب اور عراق کی درخواست پر غیر معمولی ورچوئل اجلاس منعقد ہوگا، جس میں سویڈن اور ڈنمارک میں قرآن پاک کے نسخوں کی بے حرمتی کے واقعات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔


