قومی

یونیورسٹی میں طلبہ کے درمیان تصادم، نامزد ملزم اسلحہ سمیت گرفتار

ڈی پی او ایبٹ آباد کے احکامات پر فوری کارروائی تھانہ حویلیاں پولیس کی مؤثر حکمت عملی، پستول 30 بور برآمد

ایبٹ آباد کی ایک نجی یونیورسٹی میں طلبہ کے درمیان ہونے والے لڑائی جھگڑے کے واقعہ پر پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے نامزد ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ڈی پی او ایبٹ آباد ہارون رشید خان کے خصوصی احکامات اور ایس پی حویلیاں ڈویژن و ڈی ایس پی سرکل حویلیاں کی ہدایات کی روشنی میں تھانہ حویلیاں پولیس نے کارروائی عمل میں لائی، جس کے نتیجے میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ یونیورسٹی کے احاطے میں پیش آیا جہاں طلبہ کے دو گروپوں کے درمیان تلخ کلامی نے شدت اختیار کر لی اور معاملہ لڑائی جھگڑے تک جا پہنچا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ حویلیاں کیڈٹ عبدالغفور نے فوری طور پر پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر حالات کو قابو میں کیا اور ملوث افراد کی نشاندہی شروع کی۔

کارروائی کے دوران نامزد ملزم حسن خان ولد الیاس خان سکنہ جوڑے میرا لنگرہ کو نہایت حکمت عملی سے گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے آلہ قتل پستول 30 بور بھی برآمد کر لیا۔ حکام کے مطابق اسلحہ کی موجودگی واقعہ کی سنگینی کو ظاہر کرتی ہے اور اس حوالے سے مزید پہلوؤں پر بھی تفتیش جاری ہے۔

تھانہ حویلیاں میں ملزم کے خلاف حسب ضابطہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ دیگر ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنا اولین ترجیح ہے اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں تعلیمی اداروں میں بڑھتے ہوئے تنازعات نے والدین اور اساتذہ کو تشویش میں مبتلا کر رکھا ہے، تاہم پولیس کی بروقت کارروائی نے صورت حال کو مزید خراب ہونے سے بچا لیا۔

رپورٹ: عبدالمومن

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button