ہزارہ

ہزارہ ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز خانہ کاشت کو خانہ ملکیت میں منتقل کرنے کے نو ٹیفکیشن کے تمام نکات پر عملدرآمد کی جامع رپورٹ دو ہفتوں کے اندر جمع کروائیں،کمشنر ہزارہ ڈویژن

ایبٹ آباد: کمشنر ہزارہ ڈویژن کی زیر صدارت خانہ کاشت کو خانہ ملکیت میں منتقل کرنے کے عمل اور ریونیو ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے 24 جولائی 2015 کو جاری کردہ نوٹیفکیشن پر عملدرآمد کے تفصیلی جائزے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں نوٹیفکیشن کے نفاذ میں درپیش رکاوٹوں اور عملی مسائل پر سیر حاصل تبادلہ خیال کیا گیا۔کمشنر ہزارہ ڈویژن نے ہدایت کی کہ ڈویژن بھر کے تمام ڈپٹی کمشنرز نوٹیفکیشن کے تمام نکات پر عملدرآمد کی جامع رپورٹ دو ہفتوں کے اندر جمع کروائیں۔ انہوں نے تمام ڈپٹی ڈائریکٹرز سروس ڈیلیوری سینٹرز (SDCs) کو بھی ہدایت کی کہ کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ آف رائٹس فیلڈ اسٹاف کو فراہم کیا جائے تاکہ رجسٹری کے عمل کو مستقبل میں بروقت، درست اور مؤثر انداز میں اپ ڈیٹ کیا جا سکے۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) بٹگرام اور سیٹلمنٹ آفیسرز مانسہرہ و ایبٹ آباد کو ہدایت کی گئی کہ وہ ایک جامع ورکنگ پیپر تیار کریں، جس میں خانہ کاشت سے ملکیت میں منتقلی کے عمل کے دوران درپیش مشکلات کی واضح نشاندہی کے ساتھ ساتھ ان کے حل کے لیے قابلِ عمل تجاویز شامل ہوں۔ یہ ورکنگ پیپر کمشنر آفس کو ارسال کیا جائے گا تاکہ بورڈ آف ریونیو کے ساتھ اس مسئلے پر مؤثر اور بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔اجلاس کے اختتام پر کمشنر ہزارہ ڈویژن نے اس امر پر زور دیا کہ نوٹیفکیشن کی اصل روح کے مطابق بلا امتیاز تمام شہریوں کی زمینیں خانہ کاشت سے خانہ ملکیت میں منتقل کی جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس عمل کو شفاف، منصفانہ اور مؤثر بنانے کے لیے سروس ڈیلیوری سینٹرز اور پٹوارئیوں کی کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button