کلین اینڈ گرین تیمرگرہ مہم کے تحت پروقار سائیکل ریس کا انعقاد
ماحولیاتی تحفظ، صفائی اور صحت مند طرزِ زندگی کے فروغ کے لیے 40 سے زائد سائیکلسٹس کی شرکت

ضلعی انتظامیہ دیر پائین اور تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن تیمرگرہ کے زیرِ اہتمام کلین اینڈ گرین تیمرگرہ مہم کے سلسلے میں ایک پروقار سائیکل ریس کا انعقاد کیا گیا، جس میں خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع سے 40 سے زائد سائیکلسٹس نے شرکت کی۔ ریس کا بنیادی مقصد عوام بالخصوص نوجوان نسل میں صفائی، شجرکاری اور ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا تھا۔
سائیکل ریس کا آغاز بلامبٹ سے ہوا جو 18 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرتے ہوئے باجوڑ کی سرحد تک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ دورانِ ریس شرکاء نے صاف ماحول، سرسبز پاکستان اور صحت مند طرزِ زندگی کے حق میں آگاہی پیغامات دیے، جسے شہریوں نے بھرپور انداز میں سراہا۔
اس موقع پر تحصیل میونسپل آفیسر تیمرگرہ میاں شفیق الرحمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کلین اینڈ گرین مہم صوبائی حکومت کے وژن کے مطابق ایک مؤثر اور دیرپا اقدام ہے، جس کا مقصد شہری و دیہی علاقوں میں صفائی اور سرسبزی کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سائیکلنگ نہ صرف ماحول دوست سواری ہے بلکہ صحت مند معاشرے کے قیام میں بھی کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔
ریس کے اختتام پر نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے سائیکلسٹس میں مردان کے ثناء اللہ نے پہلی، عمر فاروق نے دوسری، ہارون خان نے تیسری، ملاکنڈ کے ابوزر نے چوتھی، مردان کے عدنان خان نے پانچویں جبکہ سوات کے مبین جان نے چھٹی پوزیشن حاصل کی۔ مہمانِ خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل جناب واجد علی خان نے کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔
تقریب میں تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن کے افسران، مقامی عمائدین اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور کلین اینڈ گرین تیمرگرہ مہم کو سراہا۔ اختتامی خطاب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل واجد علی خان نے کہا کہ کلین اینڈ گرین تیمرگرہ مہم دیر کی تاریخ میں پہلی بار منعقد کی گئی ہے، جس کا مقصد عوام میں صفائی کے حوالے سے شعور بیدار کرنا اور معاشرے کو عملی طور پر صفائی مہم کا حصہ بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صاف ستھرا ماحول صحت مند زندگی کی ضمانت اور مہذب و ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسی سرگرمیوں کے ذریعے نوجوان نسل کو مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کیا جا رہا ہے، جو مستقبل میں ایک بہتر معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کریں گی۔


