ہزارہ

ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سرمد سلیم اکرم نے ڈائریکٹر جنرل گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد فواد کے ہمراہ گلیات میں حالیہ برفباری کے بعد سڑکوں کی بحالی اور انتظامی اقدامات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی

ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سرمد سلیم اکرم نے ڈائریکٹر جنرل گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد فواد کے ہمراہ گلیات میں حالیہ برفباری کے بعد سڑکوں کی بحالی اور انتظامی اقدامات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر، اسسٹنٹ کمشنر گلیات، گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے)، پاکستان ہائی ویز اتھارٹی (پی کے ایچ اے)، کائیٹ پراجیکٹ، محکمہ سی اینڈ ڈبلیو، پولیس، ریسکیو 1122 سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران اور عملے نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ جی ڈی اے کی حدود میں واقع 61 سڑکیں مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہیں جبکہ مزید 4 بند سڑکوں پر بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔ پی کے ایچ اے کی جانب سے مین مری روڈ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے اور سڑک کے اطراف جمع برف کی صفائی کا عمل بھی جاری ہے۔
محکمہ سی اینڈ ڈبلیو نے 28 سڑکیں مکمل طور پر بحال کر دی ہیں جبکہ 6 سڑکیں عارضی طور پر بحال کی گئی ہیں جن پر مزید کام جاری ہے، تاہم 2 سڑکیں تاحال بند ہیں۔ اسی طرح کائیٹ پراجیکٹ کی جانب سے ٹھنڈیانی روڈ کی صفائی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے برفباری کے دوران دن رات جاری آپریشن میں مصروف تمام محکموں اور عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ گلیات میں مسلسل موجود رہ کر بحالی کا عمل جاری رکھا جائے۔ انہوں نے سیاحوں کی سہولت اور حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے سڑکوں کی بحالی کے ساتھ ساتھ سڑکوں کے اطراف جمع برف کو بھی صاف کرنے کی ہدایت جاری کی۔اجلاس میں مین شاہراہوں کی بحالی کے بعد لنک روڈز اور ٹاؤن روڈز کو بھی جلد از جلد کھولنے پر زور دیا گیا جبکہ ہسپتالوں اور بنیادی مراکز صحت تک رسائی والی سڑکوں کو ترجیحی بنیادوں پر کلیئر کرنے کی ہدایات دی گئیں۔ڈپٹی کمشنر نے گلیات، ٹھنڈیانی، بوئی، بکوٹ اور دیگر تمام لنک روڈز کو جلد از جلد مکمل طور پر بحال کرنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو باہمی تعاون سے کام تیز کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے سیاحوں کی حفاظت اور ٹریفک کے مؤثر نظم و نسق کے لیے ٹریفک پولیس کو خصوصی اقدامات یقینی بنانے جبکہ ریسکیو 1122 کو ہر قسم کی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہنے کی ہدایت کی۔مزید برآں کہرے اور موسم کی شدت کے باعث ممکنہ حادثات سے بچاؤ کے لیے صبح اور شام کے اوقات میں خصوصی ٹریفک مینجمنٹ اقدامات یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button