ہائیکورٹ ججزکے خط کا معاملہ: وزیرِاعظم کی چیف جسٹس قاضی فائزعیسٰی سے ملاقات
اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججز کے خط کے معاملے پر وزیراعظم شہبازشریف کی چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے ملاقات جاری ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف ججز گیٹ سے سپریم کورٹ پہنچے، جہاں چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ سے ان کی ملاقات شروع ہو گئی ہے۔
ملاقات میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججز کے جوڈیشل کونسل کو لکھے گئے خط پر تبادلہ خیال ہوگا، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان بھی اس ملاقات میں موجود ہیں۔
واضح رہے کہ 26 مارچ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججز نے ججوں کے کام میں خفیہ اداروں کی مبینہ مداخلت اور دباؤ میں لانے سے متعلق سپریم جوڈیشل کونسل کو لکھا خط سامنے آیا تھا۔
خیال رہے کہ اس معاملے پر گزشتہ روز چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی زیر صدارت سپریم کورٹ کا فل کورٹ اجلاس ہوا تھا۔
قبل ازیں اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کے خط کے معاملے پر اٹارنی جنرل نے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے ملاقات بھی کی تھی۔



