قومی

کراچی میں عالمی یوم خواتین پر 300 پنک الیکٹرک اسکوٹیز تقسیم

سندھ حکومت اور سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کا خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے تاریخی اقدام

عالمی یومِ خواتین کے موقع پر محکمہ ٹرانسپورٹ حکومت سندھ اور سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی جانب سے 300 پنک الیکٹرک اسکوٹیز خواتین میں تقسیم کی گئیں۔ یہ تقریب کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی، جس میں سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے خواتین کو عالمی یومِ خواتین کی مبارکباد دی اور خواتین کی ترقی اور بااختیاری پر زور دیا۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ عالمی یوم خواتین صرف خواتین کا نہیں بلکہ ہر اس شخص کا دن ہے جسے ایک خاتون نے جنم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں خواتین کو طویل عرصے تک نظر انداز کیا گیا مگر شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے خواتین کو بااختیار بنا کر نئی تاریخ رقم کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کا تاریخی کارنامہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا ہے جبکہ پاکستان کو میزائل ٹیکنالوجی دینے کا کریڈٹ بھی بے نظیر بھٹو کو جاتا ہے۔

سینئر وزیر نے پیپلز پارٹی کی جانب سے خواتین کے لیے کیے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی، جن میں فرسٹ وومن بینک، خواتین کے لیے پہلا پولیس اسٹیشن، لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کے بعد بلاول بھٹو زرداری نے اکیس لاکھ گھر بنانے کا اعلان کیا، جن میں سے آٹھ لاکھ گھر خواتین کو مالکانہ حقوق کے ساتھ دیے گئے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ میں خواتین کے لیے متعدد مواقع اور کوٹہ موجود ہے اور سندھ حکومت نے لڑکیوں کے لیے گرلز کیڈٹ کالج قائم کیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ خواتین کے لیے پنک بس سروس شروع کی گئی ہے جس میں خواتین ڈرائیورز بھی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت خواتین کو پچاس لاکھ اسکوٹیز فراہم کرنے کا پروگرام شروع کر رہی ہے اور اس کے لیے کسی سفارش یا پرچی کی ضرورت نہیں ہوگی۔ اس پروگرام کے تحت خواتین کو مفت ڈرائیونگ ٹریننگ بھی دی جائے گی تاکہ وہ پیٹرول کے اخراجات اور سفر کی مشکلات سے نجات حاصل کر سکیں۔

سندھ حکومت کی جانب سے خواتین کو خود کفیل بنانے، معاشرتی سوچ میں مثبت تبدیلی لانے اور تاریخی کام کرنے پر زور دیا گیا۔ شرجیل میمن نے کہا کہ تھرپارکر سے پورے پاکستان کے لیے کوئلہ نکال کر بجلی پیدا کرنا بھی ایک اہم کارنامہ ہے، جس میں ڈمپر ڈرائیور بھی خواتین ہیں۔

تقریب میں صوبائی وزراء سید ناصر حسین شاہ، سعید غنی، قاسم سراج سومرو، ڈپٹی میئر کراچی سلمان مراد، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، پیپلز پارٹی لیڈیز ونگ، خواتین ارکانِ اسمبلی، سماجی شخصیات اور دیگر نے شرکت کی جبکہ صوبائی وزراء شاہینہ شیر علی، نفیسہ شاہ، شرمیلا فاروقی، شرمین عبید چنائے، سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی ایم ڈی کنول نظام بھٹو نے بھی خطاب کیا۔

رپورٹ: عبدالامین

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button