عالمی

ڈھاکہ–کراچی براہِ راست پرواز کا آغاز، 14 سال بعد فضائی رابطہ بحال

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان فضائی رابطے کی بحالی، بمان بنگلہ دیش ایئرلائنز کی پہلی پرواز کراچی روانہ

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان براہِ راست فضائی آپریشنز کا آج باضابطہ آغاز ہو گیا، جب بمان بنگلہ دیش ایئرلائنز کی پہلی براہِ راست پرواز ڈھاکہ سے کراچی روانہ ہوئی۔ 14 سال بعد اس براہِ راست فضائی رابطے کی بحالی کو دونوں ممالک کے درمیان روابط، سفارتی تعاون اور عوامی سطح پر تعلقات کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

افتتاحی پرواز مکمل طور پر مسافروں سے بھری ہوئی تھی، جو ڈھاکہ کے حضرت شاہ جلال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے لیے روانہ ہوئی۔ پرواز کو بنگلہ دیش کے مشیر برائے شہری ہوابازی و سیاحت ایچ ای اسک بشیر الدین، بنگلہ دیش میں پاکستان کے ہائی کمشنر عمران حیدر، وزارت شہری ہوابازی و سیاحت کے سیکریٹری، سول ایوی ایشن اتھارٹی بنگلہ دیش کے چیئرمین اور بمان بنگلہ دیش ایئرلائنز کے منیجنگ ڈائریکٹر و سی ای او سمیت اعلیٰ حکام نے رخصت کیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر برائے شہری ہوابازی و سیاحت نے ڈھاکہ–کراچی روٹ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان روابط مضبوط ہوں گے بلکہ سیاحت، تجارتی سرگرمیوں اور عوامی سطح پر میل جول کو بھی فروغ ملے گا۔ انہوں نے بتایا کہ بمان بنگلہ دیش ایئرلائنز مرحلہ وار پروازوں کی تعداد میں اضافہ اور کرایوں میں کمی کرے گی تاکہ سفر کو عوام کے لیے مزید سہل بنایا جا سکے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بنگلہ دیش کے عوام پاکستان کے قدرتی حسن، ثقافتی ورثے اور متنوع کھانوں سے لطف اندوز ہوں گے۔

اس موقع پر پاکستان کے ہائی کمشنر عمران حیدر نے کہا کہ براہِ راست پروازوں کی بحالی بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس اور پاکستان کے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے اس وژن کا عملی اظہار ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان روابط کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ گزشتہ سال اگست میں پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کے دورۂ ڈھاکہ کے دوران دونوں ممالک نے فوری طور پر براہِ راست پروازوں کی بحالی پر اتفاق کیا تھا۔ ان کے مطابق آج اس فیصلے پر عملدرآمد نوجوانوں، تعلیمی، ثقافتی، تجارتی اور خاندانی روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔

ہائی کمشنر نے بنگلہ دیش حکومت، بمان بنگلہ دیش ایئرلائنز اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کا شکریہ ادا کیا جن کی کوششوں سے یہ براہِ راست پرواز ممکن ہو سکی۔

افتتاحی پرواز میں سفر کرنے والے مسافروں نے براہِ راست فضائی رابطے کی بحالی پر خوشی اور مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے دونوں ممالک کو مزید قریب لانے کی جانب ایک تاریخی قدم قرار دیا۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button