کرتار پور اور ننکانہ صاحب موٹر ویز سے منسلک، این ایچ اے کا بڑا اقدام — وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان
سیالکوٹ تا کرتار پور ’’گرو نانک ایکسپریس وے‘‘ کی تعمیر، عالمی معیار کے ہوٹل، ریسٹ ایریاز اور شاپنگ مالز قائم ہوں گے — سکھ کمیونٹی کی سرمایہ کاری کیلئے برطانیہ، امریکہ اور کینیڈا میں تشہیری مہم

وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کرتار پور اور ننکانہ صاحب کو قومی موٹر وے نیٹ ورک سے منسلک کرنے کے تاریخی منصوبے کا اعلان کیا ہے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر نے سیالکوٹ سے کرتار پور تک نئی موٹر وے کی تعمیر پر فوری عملی اقدامات شروع کرنے کی ہدایت جاری کی، جسے بابا گرو نانک کے نام سے منسوب کرتے ہوئے ’’گرو نانک ایکسپریس وے‘‘ قرار دیا جائے گا۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرتار پور اور ننکانہ صاحب نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں سکھ برادری کے مقدس ترین مذہبی مقامات میں شمار ہوتے ہیں، اس لیے ان مقامات کو جدید، محفوظ اور عالمی معیار کے سفری نیٹ ورک سے منسلک کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے مذہبی سیاحت کو فروغ ملے گا اور پاکستان کا مثبت تشخص عالمی سطح پر مزید اجاگر ہوگا۔
عبدالعلیم خان نے ہدایت کی کہ موٹر وے کے اطراف بین الاقوامی معیار کے تھری، فور اور فائیو اسٹار ہوٹل، ریسٹ ہاؤسز اور دیگر سہولیات قائم کی جائیں تاکہ اندرون و بیرونِ ملک سے آنے والے زائرین کو آرام دہ، محفوظ اور باوقار قیام کی سہولت فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے این ایچ اے کو یہ بھی ہدایت دی کہ ان منصوبوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (PPP) ماڈل کے تحت تیار کیا جائے تاکہ نجی شعبے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی شمولیت ممکن بنائی جا سکے۔
وفاقی وزیر مواصلات نے سکھ کمیونٹی کی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے برطانیہ، امریکہ اور کینیڈا میں بڑے پیمانے پر تشہیری مہم چلانے کا فیصلہ بھی کیا۔ اس سلسلے میں عالمی روڈ شوز، سرمایہ کاری کانفرنسز اور بین الاقوامی فورمز پر ان منصوبوں کو پیش کیا جائے گا تاکہ بیرونِ ملک مقیم سکھ برادری کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبے نہ صرف مذہبی سیاحت بلکہ علاقائی معیشت کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔ موٹر وے کی تعمیر سے نارنگ منڈی، بدو ملہی اور دیگر ملحقہ علاقوں میں تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور مقامی آبادی کا معیارِ زندگی بہتر ہوگا۔ این ایچ اے کو ہدایت کی گئی ہے کہ موٹر وے روٹس پر عالمی معیار کے ریسٹ ایریاز، شاپنگ مالز، فیول اسٹیشنز اور سفری سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پاکستان مذہبی سیاحت کے فروغ، بین الاقوامی سرمایہ کاری کے حصول اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی، اور کرتار پور و ننکانہ صاحب کو جدید موٹر وے نیٹ ورک سے منسلک کرنا اسی وژن کا عملی مظہر ہے۔


