قومی

🚨 بلوچستان میں سی ٹی ڈی کا بڑا آپریشن، دہشت گردی کا منصوبہ ناکام

لورالائی کے علاقے مرغہ کلی پٹاؤ زکو زئی میں ایریا سرچ آپریشن، زیرِ زمین خفیہ کمرے سے 35 آئی ای ڈیز اور بھاری اسلحہ برآمد

بلوچستان میں امن و امان کو سبوتاژ کرنے کی ایک بڑی کوشش کو محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے بروقت کارروائی کے ذریعے ناکام بنا دیا۔ 29 جنوری 2026 کو سی ٹی ڈی نے ضلع لورالائی کے حساس علاقے مرغہ، کلی پٹاؤ زکو زئی میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ایریا سرچ آپریشن کیا۔

آپریشن کے دوران ایک خفیہ زیرِ زمین کمرہ برآمد ہوا، جہاں بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد اور دہشت گردی میں استعمال ہونے والا اسلحہ چھپایا گیا تھا۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق زیرِ زمین ٹھکانے سے 35 عدد تیار شدہ آئی ای ڈیز برآمد کی گئیں، جو کسی بھی وقت بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے کے لیے استعمال کی جا سکتی تھیں۔

اس کے علاوہ متعدد آئی ای ڈی سیلز، راکٹ، بوتل بم، پریما کارڈز اور جیکٹس بھی تحویل میں لے لی گئیں۔ برآمد ہونے والا مواد انتہائی مہلک نوعیت کا تھا، جس سے واضح ہوتا ہے کہ دہشت گرد کسی بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

سی ٹی ڈی نے بم ڈسپوزل اسکواڈ کی مدد سے دھماکہ خیز مواد کو محفوظ طریقے سے ناکارہ بنایا جبکہ علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن مرحلہ وار مکمل کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس کامیاب کارروائی سے قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ ممکن ہوا اور ایک بڑا دہشت گرد منصوبہ بروقت ناکام بنا دیا گیا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق بلوچستان میں امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور عوام کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بروقت نمٹا جا سکے۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button