ڈپٹی کمشنر بٹگرام کی زیرِ صدارت کرسمس کی پروقار تقریب، مسیحی برادری کے ساتھ کیک کاٹنے کا اہتمام
ڈپٹی کمشنر بٹگرام آصف علی خان کی قیادت میں کرسمس کے موقع پر ڈی سی آفس بٹگرام میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں مسیحی برادری کے افراد سمیت مختلف مکاتبِ فکر کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے مسیحی برادری کے ہمراہ کرسمس کیک کاٹا اور انہیں تہوار کی مبارکباد پیش کی۔تقریب میں پادری کرسٹفل، پاسٹر روبن، پیٹر، پریم چند (صدر اقلیتی برادری) اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔ مسیحی برادری نے اس موقع پر ضلعی انتظامیہ اور ڈپٹی کمشنر کی جانب سے تعاون اور احترام کے اظہار پر شکریہ ادا کیا۔ڈپٹی کمشنر آصف علی خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسیحی برادری کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اقلیتوں کے تحفظ اور ان کے مذہبی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے آئین کے تحت تمام اقلیتوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں، اور ہر شہری کو اپنی مذہبی رسومات آزادی سے منانے کا مکمل حق ہے۔تقریب کے اختتام پر ملک کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ یہ تقریب بین المذاہب ہم آہنگی اور یکجہتی کے فروغ کا مظہر رہی۔



