پیپلز پارٹی کی تمام تنظیمیں تحلیل، چوہدری تسنیم ناصر گجر دوبارہ ضلعی صدر منتخب
نئی تنظیم سازی کا اعلان، نوجوانوں کو قیادت میں آگے لانے کا فیصلہ

جہلم میں پاکستان پیپلز پارٹی کی ضلعی تنظیم کو مکمل طور پر تحلیل کر دیا گیا ہے اور نئی تنظیم سازی کا عمل شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ سابق ایم پی اے چوہدری تسنیم ناصر گجر کو ایک بار پھر ضلع جہلم کا صدر منتخب کر لیا گیا ہے جبکہ مرزا غفار جنرل سیکرٹری کے فرائض انجام دیں گے۔
جہلم پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری تسنیم ناصر گجر نے کہا کہ ٹکٹ کے خواہشمند افراد کو پہلے اپنی کارکردگی ثابت کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک جمہوری جماعت ہے جہاں اختلافِ رائے کی گنجائش موجود ہوتی ہے، مگر پارٹی ڈسپلن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ ضلع بھر میں جلد نئی تنظیم سازی کی جائے گی اور خاص طور پر نوجوانوں کو آگے لانے کا موقع دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ چونکہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خود نوجوان قیادت کی علامت ہیں، اس لیے نوجوانوں کو ترجیح دی جائے گی تاکہ پارٹی مزید مضبوط ہو سکے۔
ضلعی صدر نے مزید کہا کہ بعض نام نہاد عناصر نے پارٹی میں اختلاف پیدا کرنے کی کوشش کی، مگر اب صرف نوٹیفکیشن شدہ عہدیدار ہی پارٹی کی نمائندگی کریں گے۔ غلط پروپیگنڈا اور بے بنیاد تبصروں کی روک تھام کی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارٹی کو متحد اور منظم بنا کر عوامی خدمت کا سفر جاری رکھا جائے گا۔
پریس کانفرنس میں پرسنل سیکرٹری چوہدری نوید اختر آرائیں، یوتھ ونگ کے ضلعی صدر چوہدری مدثر عباس، تحصیل صدر شہزاد اشرف بھٹی، سٹی صدر میاں آصف، چوہدری علی اصغر آرائیں، ملک عرفات، راجہ حق نواز کیانی سمیت کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔



