وزیر داخلہ محسن نقوی کی سری لنکن صدر سے اہم ملاقات، پاکستانیوں کے ویزا مسائل پر پیش رفت
کولمبو میں دوطرفہ تعلقات، سیکیورٹی تعاون اور مشترکہ تربیت پر بھی تبادلہ خیال

وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے سری لنکا کے صدر انورا کمارا ڈسانائیکے سے ملاقات کی جس میں پاکستانی شہریوں کو ویزا حاصل کرنے میں درپیش مشکلات، دوطرفہ تعلقات، سیکیورٹی تعاون اور مشترکہ تربیت کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین اور سری لنکا میں پاکستان کے ہائی کمشنر میجر جنرل ریٹائرڈ فہیم العزیز بھی شریک تھے۔ محسن نقوی نے سری لنکن صدر کو بتایا کہ بعض پاکستانی شہری ویزا کے حصول میں غیر ضروری رکاوٹوں اور مخصوص فہرستوں میں شمولیت کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، جس پر صدر نے فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پاکستانی شہریوں کو تمام فہرستوں سے خارج کیا جائے تاکہ انہیں سہولت فراہم کی جا سکے۔
اس ملاقات میں انسداد دہشت گردی، انسداد منشیات اور فورسز کی مشترکہ تربیت جیسے اہم شعبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے سیکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط کرنے اور فورسز کے درمیان مشترکہ مشقیں بڑھانے پر اتفاق کیا۔
محسن نقوی نے پاک۔سری لنکا تعلقات کے فروغ میں صدر انورا کمارا ڈسانائیکے کے کردار کی تعریف کی اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے سری لنکن صدر کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی پیش کی۔ سری لنکن صدر نے پاک۔سری لنکا تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا عزم ظاہر کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی، سیاحتی اور کھیلوں کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔
ملاقات کے دوران ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے موقع پر کولمبو میں پاکستان اور بھارت کے میچ میں شاندار انتظامات اور پاکستانی وفد کی میزبانی پر صدر نے پاکستان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایسے اقدامات دونوں ممالک کے عوام کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ دیتے ہیں اور خطے میں امن کے لیے مثبت پیغام بھیجتے ہیں۔
اس پیش رفت کے بعد پاک۔سری لنکا تعلقات میں نئی خوش آئند راہیں کھلنے کی توقع ہے اور پاکستانی شہریوں کو ویزا کے سلسلے میں آسانیاں حاصل ہونے کا امکان ہے۔ ملاقات کو دونوں ممالک کی قیادت کی طرف سے دوستانہ تعلقات اور باہمی اعتماد کو مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔
رپورٹ: عبدالمومن



