قومی

میڈیا پر کوئی پابندی نہیں لگائی، صحت اور صحافی برادری ہماری ترجیح ہے: شرجیل انعام میمن

این آئی سی وی ڈی میں اپنے علاج کا حوالہ، کراچی میں مفت صحت سہولیات کی فراہمی اور حیدرآباد کی ترقی کے عزم کا اعادہ

صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومت نے کبھی بھی میڈیا پر پابندیاں عائد نہیں کیں بلکہ تنقید کو تنقید برائے اصلاح سمجھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک ذمہ دار اور آزاد میڈیا جمہوری معاشرے کی بنیاد ہوتا ہے اور حکومت ہمیشہ میڈیا کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صحافی برادری کے مسائل کا حل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور آئندہ بھی ان کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

شرجیل انعام میمن نے اپنے ذاتی تجربے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ جب انہیں دل کا دورہ پڑا تو ان کا علاج حیدرآباد کے معروف ادارے این آئی سی وی ڈی میں کیا گیا، جہاں انہیں معیاری اور بروقت طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ نہ صرف سندھ بلکہ پورے ملک کے لیے ایک مثال ہے جہاں جدید سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت کا شعبہ حکومت کی اولین ترجیح ہے کیونکہ “جان ہے تو جہان ہے”۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں پاکستان کی سب سے بڑی صحت کی سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں اور سرکاری اسپتالوں کو جدید طبی آلات، ماہر ڈاکٹروں اور بہتر انتظامی نظام سے لیس کیا جا رہا ہے تاکہ عام آدمی کو مہنگے علاج کی فکر نہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحت کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے میں میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہے اور اس سلسلے میں صحافی برادری کی خدمات قابلِ ستائش ہیں۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ جو ترقیاتی منصوبے کسی وجہ سے رکے ہوئے ہیں انہیں فوری طور پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد ان کا گھر ہے اور اس کی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کو خصوصی ترقیاتی پیکیج دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں بہتری لائی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ صحافی برادری ہمارے دل کے قریب ہے اور ان کی سہولیات کے لیے مستقبل میں بھی کام جاری رکھا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت صحت، تعلیم اور بلدیاتی نظام کی بہتری کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

رپورٹ: عبدالمومن

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button