قومی

لعل قلعہ: شہید ملک جان عالم ہسپتال کو کیٹگری سی میں اپگریڈ، عوام کو بہترین صحت سہولیات فراہم

ایم ایس ڈاکٹر شفیع اللہ خان کا کہنا ہے کہ ہسپتال کے نظام کو ڈیجیٹلائز کر کے کرپشن کے راستے بند کر دیے گئے، لیبر روم اور ایمرجنسی 24 گھنٹے فعال ت

ساڑھے تین لاکھ سے زائد آبادی کے لیے کیٹگری ڈی شہید ملک جان عالم ہسپتال، لعل قلعہ کے ریڈ زون میں واقع ہے۔ ہسپتال میں ڈاکٹروں، پیرا میڈیکس اور ٹیکنیشن سٹاف کی کمی کو پورا کرنے کے باوجود محدود وسائل کے اندر عوام کو بہترین صحت سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ہسپتال کے نظام کو ڈیجیٹلائز کر کے ہسپتال میں آمد و رفت کے دوران کرپشن کے تمام راستے بند کر دیے گئے ہیں، نہ ہسپتال کے عملے کی طرف سے کرپشن کی جاتی ہے اور نہ کسی کو کرپشن کی اجازت دی جاتی ہے۔ موجودہ وقت میں کیٹگری ڈی ہسپتال کو کیٹگری سی کا درجہ دیا گیا ہے۔

یہ باتیں لعل قلعہ میدان کے شہید ملک جان عالم ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر شفیع اللہ خان نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ مئی 2024 میں ایم ایس کی حیثیت سے چارج سنبھالنے کے بعد ہسپتال کے امور کو بہتر طریقے سے چلانے اور عوام کو صحت سہولیات کی فراہمی کے لیے متعدد ٹھوس اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

ڈاکٹر شفیع اللہ خان نے بتایا کہ ہسپتال میں 24 گھنٹے لیبر روم اور ایمرجنسی فعال ہیں اور باولے کتوں کی انٹی ربیز ویکسین اور ایمرجنسی ادویات وافر مقدار میں موجود ہیں۔ گزشتہ روز بانڈئی میدان کے 9 افراد کو باولے کتوں نے کاٹا تھا، جن کا علاج اور ویکسینیشن ہسپتال میں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں الٹراساؤنڈ، ایکسرے، لیبارٹریز، گائنی کالوجسٹ لیڈی ڈاکٹر اور دیگر سہولیات موجود ہیں۔ تاہم، ہسپتال کو کم از کم 20 ڈاکٹروں کی ضرورت ہے، جبکہ موجودہ وقت میں صرف 12 ڈاکٹرز دستیاب ہیں۔ اس کے علاوہ ڈینٹل سرجن، کمپیوٹر اپریٹر اور نرسز کی پوسٹیں خالی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں ایم ایس ڈاکٹر شفیع اللہ خان نے کہا کہ گائنی کالوجسٹ لیڈی ڈاکٹر روزانہ کم از کم 100 تا 150 خواتین مریضوں کا معائنہ کرتی ہیں اور ماہانہ اوسطاً 60 ڈیلیوری کے کیسز انجام دیتی ہیں۔ علاقے کی روایات کے پیش نظر ایک فیمل نرس خواتین سے خون کلیکٹ کرتی ہیں۔

ڈاکٹر شفیع اللہ خان نے مزید بتایا کہ ہسپتال کی لیبارٹری میں ایک سال کے دوران مریضوں کے 85,245 کلینیکل ٹیسٹ کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ سابق صوبائی وزیر اور ایم پی اے ملک لیاقت علی خان نے لعل قلعہ ہسپتال کی اپگریڈیشن اور عوام کو بہترین سروسز فراہم کرنے میں خصوصی دلچسپی لی اور صوبائی حکومت سے مزید فنڈز کے حصول کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ایم ایس کا کہنا تھا کہ ہسپتال کے موجودہ اقدامات کا مقصد عوام کو معیاری صحت سہولیات فراہم کرنا، کرپشن کے راستوں کو ختم کرنا اور عملے کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ہسپتال کی سہولیات سے بھرپور استفادہ کریں اور صحت کے کسی بھی مسئلے کے لیے ہسپتال کا دورہ کریں۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button