عدت میں نکاح کیس: عمران خان، بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواست مسترد
اسلام آباد: سابق وزیر اعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عدت نکاح کیس میں سزا معطلی کی درخواست مسترد کردی گئی ۔
تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف عدت نکاح کیس میں سزا معطلی کی درخواستوں پر عدالت نے 25 جون کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
ڈسٹرکٹ سیشن جج افضل مجوکا نے عدت میں نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی اپیلیں مسترد کر دیں۔
عدالت میں جج افضل مجوکا نے کہا کہ میں نے تفصیلی فیصلہ لکھ دیا ہے، دونوں کی درخواستیں مسترد کی جاتی ہیں۔
بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے دوران عدت نکاح کیس میں سزا معطلی کی اپیلیں دائر کی تھیں۔
سینئر سول جج قدرت اللہ نے 3 فروری 2024 کو بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو سات سات سال سزا سنائی تھی۔
سابق وزیر اعظم عمران خان اس وقت صرف عدت میں نکاح کیس میں سزا کے باعث اڈیالہ جیل میں قید ہیں، بانی پی ٹی آئی توشہ خانہ اور سائفر مقدمات میں پہلے ہی بری ہو چکے ہیں جبکہ 190 ملین پاؤنڈ کیس، لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد میں درج 9 مئی کے مقدمات میں بھی ضمانت پر ہیں۔
ایف آئی اے ریاست مخالف ویڈیو ٹوئٹ کرنے پر بانی پی ٹی آئی سے دو بار اڈیالہ جیل میں تفتیش کر چکی ہے اس کیس میں بانی پی ٹی آئی کیخلاف تاحال کوئی نیا مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔


