طارق بگٹی کا پاکستان ہاکی فیڈریشن کی صدارت سے استعفیٰ، آسٹریلیا ٹور کی ناکامی کے بعد بڑا فیصلہ
عما د بٹ پر دو سال کی پابندی عائد، کرپشن الزامات منظر عام پر لانے پر سخت کارروائی

آسٹریلیا کے حالیہ دورے میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد پاکستان ہاکی میں ہلچل مچ گئی ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر طارق بگٹی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آسٹریلیا ٹور میں ٹیم کی مسلسل شکستوں اور انتظامی کمزوریوں پر شدید تنقید کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔
آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں قومی ٹیم کی کارکردگی توقعات کے برعکس رہی، جس پر شائقین اور سابق کھلاڑیوں نے سخت ردعمل دیا۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ طویل عرصے سے فیڈریشن کے اندرونی معاملات اور پالیسی سازی میں مسائل موجود تھے، جن کا اثر ٹیم کی تیاری اور نتائج پر بھی پڑا۔
استعفیٰ دینے سے قبل طارق بگٹی نے ایک اور بڑا قدم اٹھاتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان عما د بٹ پر دو سال کی پابندی عائد کر دی۔ فیڈریشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ عما د بٹ نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ عما د بٹ نے پاکستان ہاکی فیڈریشن میں مبینہ کرپشن اور انتظامی بے ضابطگیوں کو عوام کے سامنے لایا تھا، جس کے بعد یہ کارروائی کی گئی۔ سوشل میڈیا پر اس فیصلے پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔ کچھ حلقے اسے ڈسپلن کا معاملہ قرار دے رہے ہیں، جبکہ دیگر اسے اختلافی آواز دبانے کی کوشش سمجھ رہے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس تمام صورتحال نے قومی کھیل کو ایک بار پھر بحران میں مبتلا کر دیا ہے۔ پاکستان ہاکی پہلے ہی عالمی درجہ بندی میں تنزلی کا شکار ہے اور ایسے میں انتظامی عدم استحکام ٹیم کے مستقبل پر سوالیہ نشان کھڑا کر رہا ہے۔
اب نظریں اس بات پر ہیں کہ فیڈریشن کی نئی قیادت کون سنبھالے گا اور آیا وہ قومی ہاکی کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مؤثر حکمت عملی ترتیب دے سکے گی یا نہیں۔
رپورٹ: عبدالمومن


