عالمیقومی

سندھ کے تمام اضلاع میں ہر پچاس کلومیٹر پر ایک ای وی چارجنگ اسٹیشن قائم کیا جائے گا شرجیل انعام میمن

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور صوبائی وزیر برائے توانائی، منصوبہ بندی و ترقی سید ناصر حسین شاہ نے چین کے شہر ووہو میں چینی آٹو موبائل کمپنی چیری ہولڈنگز گروپ کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔

آٹو موبائل کمپنی چیری ہولڈنگز گروپ پہنچنے پر چیری ہولڈنگز گروپ کے چیئرمین ین تونگیو نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ سے ملاقات کے دوران چیئرمین ین تونگیو نے ای وی سیکٹر اور قابلِ تجدید توانائی کی پہل کاریوں میں پائیدار ترقی کے لیے چیری ہولڈنگز کی وابستگی کا اظہار کیا۔

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے چیری کی کاوشوں کو سراہا اور پاکستان کی جانب سے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے ایسی شراکت داریوں کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستان میں توانائی کی بچت اور ماحولیاتی پائیداری کے حصول کے لیے اس قسم کے اشتراک کو ناگزیر قرار دیا۔ سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی کاوشوں سے چیری ہولڈنگز گروپ نے سندھ بھر میں ای وی گاڑیوں کے لئے چارجنگ پوائنٹس نصب کرنے پر آمادگی ظاہر کر دی ۔

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ کے تمام اضلاع میں ہر پچاس کلومیٹر پر ایک ای وی چارجنگ اسٹیشن قائم کیا جائے گا، چارجنگ اسٹیشنز سے ای وی موٹر سائیکل، ای وی کار، ای وی ٹرکس رکھنے والوں کو بہت فائدہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں ٹرانسپورٹ کا نظام میں جدت آرہی ہے، ہمارا ویژن ماحول دوست ای وی گاڑیوں کو فروغ دینا ہے، چیری ہولڈنگز گروپ نے یقین دہانی کروائی ہے کہ سندھ بھر میں ای وی چارجنگ اسٹیشن قائم کئے جائیں گے، ای وی چارجنگ اسٹیشنز کے قیام سے سندھ کے لوگوں کو روزگار ملے گا، ای وی منی ٹرکس کا اسمبلنگ پلانٹ بھی کراچی میں قائم کیا جارہا ہے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ چارجنگ اسٹیشنز اور اسمبلنگ پلانٹ کے قیام سے مقامی لوگوں کو روزگار ملے گا، ای وی گاڑیاں سستے داموں دستیاب ہو سکیں گی۔

صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ چینی سرمایہ کاروں کی جانب سے سندھ کے دیہی علاقوں میں شمسی توانائی کے منصوبوں پر بھرپور تعاون کی یقین دبانی کروائی گئی ہے، گھروں کے سولرائزیشن سے توانائی کے بحران میں کمی آئے گی، یہ اقدام ماحول دوست توانائی کے فروغ میں بھی اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ غریب خاندانوں کو سولر سسٹم دیئے جارہے ہیں، گھروں کے سولرائزیشن سے عام آدمی کے بجلی کی ضروریات باآسانی پوری ہو سکیں گی، موجودہ مرحلے میں غریب خاندانوں کو سولر سسٹمز فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ اپنی روزمرہ کی توانائی کی ضروریات خود پوری کر سکیں۔

صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ گھروں کی سولرائزیشن سے عام آدمی کو مہنگی بجلی کے بلوں سے نجات ملے گی، لوڈشیڈنگ جیسے مسائل میں بھی خاطر خواہ کمی آئے گی، مقامی معیشت کو بھی فروغ ملے گا، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، اور دیہی علاقوں کی سماجی و معاشی ترقی ممکن ہو سکے گی۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button