دیر لوئر میں ملاوٹی دودھ کے خلاف بڑا آپریشن، داخلی راستوں پر ناکہ بندی، نمونے لیبارٹری روانہ
ڈپٹی کمشنر محمد عارف خان کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیموں کی علی الصبح کارروائی، رمضان سے قبل کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کا حکم

ڈپٹی کمشنر دیر لوئر جناب محمد عارف خان کے احکامات کی روشنی میں کے پی فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی دیر لوئر کی ٹیم نے علی الصبح ضلع کے مختلف داخلی راستوں پر ناکہ بندیاں قائم کر کے دودھ سپلائی کرنے والی گاڑیوں کی سخت چیکنگ کی۔ کارروائی کے دوران متعدد گاڑیوں سے دودھ کے نمونے حاصل کر کے جدید سٹیٹک لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق لیبارٹری نتائج موصول ہونے کے بعد ملاوٹ ثابت ہونے کی صورت میں ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ رمضان المبارک سے قبل ملاوٹی مافیا کے خلاف مہم کو مزید مؤثر اور تیز بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ انسانی صحت سے کھیلنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی اور عوام کو خالص دودھ کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔ فوڈ سیفٹی حکام کے مطابق یہ اقدامات عوامی شکایات کے پیش نظر اٹھائے گئے ہیں اور آئندہ دنوں میں بازاروں، ڈیری فارمز اور سپلائی پوائنٹس پر بھی اچانک چھاپوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔


