جہلم میں الخدمت فاؤنڈیشن کا چیریٹی ڈنر، ایک کروڑ سے زائد عطیات جمع
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن اور دیگر معززین کی شرکت، فلاحی منصوبوں کے لیے عوام کا بھرپور تعاون

جہلم (مخدوم حسین چوہدری سے) الخدمت فاؤنڈیشن ضلع جہلم کے زیرِ اہتمام منعقدہ چیریٹی ڈنر میں شہریوں نے دل کھول کر عطیات دیے اور ایک کروڑ روپے سے زائد رقم جمع کی گئی۔ تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، سماجی شخصیات اور مخیر حضرات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن، الخدمت پنجاب شمالی کے صدر رضوان احمد اور پنجاب بار کونسل کے رکن شیخ اکرام الحق تھے۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع جہلم ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری، صدر الخدمت ضلع جہلم حبیب رضا بٹ، برادر یحییٰ عبدالعزیز سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے اپنے خطاب میں الخدمت کی سماجی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مستحق اور نادار طبقات کی مدد معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلاحی اداروں اور ضلعی انتظامیہ کے باہمی تعاون سے عوامی خدمت کے منصوبوں کو مزید مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔
صدر الخدمت پنجاب شمالی رضوان احمد نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن تعلیم، صحت، صاف پانی اور کفالتِ یتامیٰ سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے مخیر حضرات کے اعتماد کو ادارے کا قیمتی اثاثہ قرار دیا۔
صدر الخدمت ضلع جہلم حبیب رضا بٹ نے سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ سال ضلع بھر میں متعدد فلاحی منصوبے مکمل کیے گئے جن سے ہزاروں خاندان مستفید ہوئے۔ تقریب کے اختتام پر ایک کروڑ روپے سے زائد کے عطیات جمع ہونے پر الخدمت انتظامیہ نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ عطیات شفاف انداز میں مستحقین تک پہنچائے جائیں گے۔


