قومی

بٹگرام میں بازاروں کی نگرانی سخت، سرکاری نرخ ناموں اور صفائی پر کڑا عملدرآمد

ضلعی انتظامیہ کا مختلف مارکیٹوں کا اچانک دورہ، خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کا انتباہ

حکومت خیبر پختونخوا کے ریجنل انفارمیشن آفس ایبٹ آباد کی جانب سے جاری کردہ ہینڈ آؤٹ کے مطابق بٹگرام میں ضلعی انتظامیہ نے بازاروں اور کاروباری مراکز کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر علی شیر نے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سید احمد جمال شاہ، اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر اور محکمہ لائیو سٹاک کے ڈاکٹر کے ہمراہ شہر کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔

دورے کے دوران اشیائے خوردونوش کے معیار، صفائی ستھرائی کی صورتحال، حفظانِ صحت کے اصولوں کی پابندی اور سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔ انتظامیہ نے واضح کیا کہ عوام کو معیاری، محفوظ اور صاف ستھری اشیائے ضروریہ کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

متعدد دکانداروں کو موقع پر ہی ہدایات جاری کی گئیں کہ وہ صفائی کے انتظامات بہتر بنائیں، اشیائے خوردونوش کو ڈھانپ کر رکھیں اور سرکاری نرخ نامے نمایاں جگہ پر آویزاں کریں تاکہ خریداروں کو قیمتوں کے حوالے سے مکمل آگاہی حاصل ہو سکے۔ انتظامیہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ نرخوں کی خلاف ورزی، ناقص اور غیر معیاری اشیاء کی فروخت یا صفائی کے ناقص انتظامات کی صورت میں بلا امتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ضلعی انتظامیہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوامی مفاد کے تحفظ اور مارکیٹ میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے ایسے انسپکشنز کا سلسلہ باقاعدگی سے جاری رکھا جائے گا تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے اور مہنگائی و ذخیرہ اندوزی جیسے مسائل پر قابو پایا جا سکے۔

رپورٹ: عبدالمومن

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button