قومی

اسلام آباد میں غیر معیاری اور مضرِ صحت خوراک تیار کرنے والی بیکری سیل

فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، گندگی، فنگس اور زائد المیعاد اجزاء کے استعمال پر یونٹ بند

اسلام آباد میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک معروف بیکری کے پروڈکشن یونٹ کو شدید غیر صحت بخش حالات کے باعث سیل کر دیا۔ حکام کے مطابق یہ کارروائی خفیہ اطلاع اور عوامی شکایات موصول ہونے کے بعد اچانک معائنے کے دوران کی گئی، جس میں انتہائی تشویش ناک صورتحال سامنے آئی۔

انسپکشن ٹیم نے دیکھا کہ بیکری میں صفائی کے بنیادی اصولوں کو مکمل طور پر نظر انداز کیا جا رہا تھا۔ بیکنگ ایریا کی دیواروں اور مشینوں پر موٹی میل جمی ہوئی تھی، فریزر کے اندر فنگس موجود تھی جبکہ خوراک کی تیاری میں ٹوٹے اور غیر معیاری انڈے استعمال کیے جا رہے تھے۔ کئی مصنوعات پر تیاری اور معیادِ ختم ہونے کی کوئی تاریخ درج نہیں تھی جو صارفین کی صحت کے لیے سنگین خطرہ ہے۔

حکام کے مطابق پروڈکشن ایریا میں سگریٹ کے ٹکڑے، گندا پانی اور کیڑے مکوڑوں کی موجودگی بھی پائی گئی۔ پیسٹ کنٹرول کا کوئی مؤثر نظام نہیں تھا اور نہ ہی ملازمین کے پاس میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ موجود تھے۔ بیکری انتظامیہ سے صفائی، خریداری اور پروڈکشن کا ریکارڈ طلب کیا گیا تو وہ بھی فراہم نہ کیا جا سکا۔

فوڈ اتھارٹی کے افسران کا کہنا ہے کہ مذکورہ یونٹ کو اس وقت تک کھولنے کی اجازت نہیں دی جائے گی جب تک وہ مکمل طور پر حکومتی فوڈ سیفٹی قوانین پر عمل درآمد نہیں کرتا۔ بیکری مالکان کو بھاری جرمانے اور قانونی کارروائی کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

شہری حلقوں نے حکومتی اقدام کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملک بھر میں خوراک تیار کرنے والے مراکز کی باقاعدہ نگرانی کی جائے تاکہ عوام کو مضرِ صحت اشیاء سے بچایا جا سکے۔ ماہرین کے مطابق ناقص خوراک پیٹ، جگر اور آنتوں کی خطرناک بیماریوں کا سبب بن سکتی ہے، اس لیے ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی ناگزیر ہے۔

فوڈ اتھارٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی غیر معیاری ہوٹل، بیکری یا ریسٹورنٹ کی فوری اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی کر کے انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

 

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button