ہزارہ

ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی کی پولیس سکول آف انٹیلی جنس ایبٹ آباد میں تقریب میں شرکت

97ویں بیسک انٹیلی جنس کورس مکمل کرنے والے 25 پولیس افسران میں سرٹیفکیٹس تقسیم، جدید تربیت کی اہمیت پر زور

ایبٹ آباد میں پولیس سکول آف انٹیلی جنس میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب کا انعقاد 97ویں بیسک انٹیلی جنس کورس مکمل کرنے والے پولیس افسران کے اعزاز میں کیا گیا، جس میں صوبے کے مختلف ریجنز سے تعلق رکھنے والے 25 افسران نے کامیابی کے ساتھ کورس مکمل کیا۔

تقریب کے آغاز پر ڈائریکٹر سکول آف انٹیلی جنس عارف جاوید نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا اور ادارے کی پیشہ ورانہ کارکردگی اور تربیتی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ جدید تقاضوں کے مطابق پولیس افسران کی تربیت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ وہ بدلتے ہوئے حالات اور جرائم کے نئے رجحانات کا مؤثر انداز میں مقابلہ کر سکیں۔

ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ دور میں امن و امان کے قیام اور جرائم کی روک تھام کے لیے جدید انٹیلی جنس نظام انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بروقت اور درست معلومات کی فراہمی سے نہ صرف جرائم پر قابو پایا جا سکتا ہے بلکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ بھی یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس افسران کے لیے ضروری ہے کہ وہ مسلسل تربیت حاصل کریں اور اپنے پیشہ ورانہ معیار کو بہتر بنائیں۔

انہوں نے خیبرپختونخواہ پولیس کی جانب سے افسران اور جوانوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کوششیں پولیس کو مزید مؤثر اور پیشہ ور بنائیں گی۔ ڈی آئی جی نے کورس مکمل کرنے والے افسران کو مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں حاصل کردہ تربیت کو بروئے کار لاتے ہوئے محکمہ پولیس کے لیے مثبت کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے عملی تجربات اور کورس سے حاصل ہونے والے فوائد کو رپورٹ کی صورت میں ادارے کو ارسال کریں تاکہ تربیتی نظام میں مزید بہتری لائی جا سکے۔ تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹر سکول آف انٹیلی جنس نے مہمان خصوصی کو شیلڈ پیش کی، جبکہ ڈی آئی جی ہزارہ نے سکول کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کر کے ان کا تفصیلی جائزہ بھی لیا۔

یہ تقریب نہ صرف پولیس افسران کی پیشہ ورانہ ترقی کا مظہر تھی بلکہ اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ خیبرپختونخواہ پولیس جدید تقاضوں کے مطابق اپنی استعداد کار بڑھانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button