کارکردگی اور تجربے کی بنیاد پر ترقی ہر افسر کا حق ہے ندیم الرحمان میمن
محکمہ کالج ایجوکیشن سندھ میں اساتذہ کی گریڈ21 میں ترقیوں کے لیے مجوزہ 5 ٹئیر پروموشن فارمولے پر قائم کمیٹی کی توثیق،سفارشات اعلیٰ حکام کو ارسال کرنے کا فیصلہ
کراچی محکمہ کالج ایجوکیشن سندھ میں اساتذہ کی گریڈ 21 میں ترقیوں کے لیے مجوزہ 5 ٹئیر پروموشن فارمولے پر اہم پیش رفت ہوئی ہے جس پر قائم کمیٹی نے سفارشات کی توثیق کرتے ہوئے انہیں منظوری کے لیے اعلیٰ حکام کو ارسال کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔اس فیصلےکے تحت گریڈ 21 تک ترقی کے مواقع بڑھانے، پروموشن کے تناسب میں ردوبدل اور کارکردگی و تجربے کو ترقی کا بنیادی معیار بنانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے سیکریٹری کالج ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سندھ ندیم الرحمن میمن کی زیر صدارت کالج اساتذہ کی ترقیوں کے لیے مجوزہ 5 ٹئیر پروموشن فارمولے کا اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ، محکمہ سروسز، جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈینیشن اور محکمہ خزانہ کے نمائندگان سمیت ماہرینِ تعلیم نے شرکت کی۔ اجلاس میں سندھ پروفیسرز لیکچررز ایسوسی ایشن کے مطالبے اور دیگر صوبوں خصوصاً خیبرپختونخوا میں رائج 5 ٹئیر ماڈل کا تفصیلی تقابلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کمیٹی کو بریفنگ دی گئی کہ موجودہ 4 ٹئیر ڈھانچے میں ترمیم وقت کی ضرورت ہے اور گریڈ 21 تک ترقی کے مواقع اساتذہ کی پیشہ ورانہ حوصلہ افزائی کے لیے اہم ہیں۔ سیکریٹری کالج ایجوکیشن ندیم الرحمان میمن نے کہا کہ کارکردگی اور تجربے کی بنیاد پر ترقی ہر افسر کا حق ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 5 ٹئیر فارمولے کے تحت گریڈ 21 کی نشستوں میں اضافہ کیا جائے گا جبکہ پروموشن کے تناسب میں بھی ردوبدل بھی ہوگا۔ کمیٹی نے کارکردگی، تجربے اور پیشہ ورانہ قابلیت کو بنیاد بنا کر ترقی دینے کے اصول کی توثیق کی اور گریڈ 21 کو ایک اعلیٰ اعزازی سطح کے طور پر متعارف کرانے کی تجاویز بھی زیر غور آئیں۔ محکمہ خزانہ کی مالیاتی رائے اور انتظامی پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے کمیٹی نے متفقہ طور پر 5 ٹئیر فارمولے سے متعلق سفارشات مرتب کر کے منظوری کے لیے اعلیٰ حکام کو ارسال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس میں اس بات پر بھی غور کیاگیاکہ نئے ڈھانچے سے اساتذہ کی حوصلہ افزائی، ادارہ جاتی کارکردگی اور تعلیمی معیار میں بہتری آئے گی۔ سیکریٹری کالج ایجوکیشن ندیم میمن نے کہا کہ جو بہتر کارکردگی دکھائے گا وہ ترقی کا مستحق ہوگا۔ غیر تسلی بخش کارکردگی برداشت نہیں کی جائے گی۔ تعلیم ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور ہر شخص کے لیے تعلیم کا حصول حکومت کی ذمہ داری ہے۔ اجلاس کے اختتام پرکمیٹی نے سفارشات کو باضابطہ طور پر منظور کرتے ہوئے انہیں آئندہ کارروائی کے لیے حکومت کو ارسال کرنے کی توثیق کر دی۔


