قومی پولیو مہم فروری 2026 (جو 02 تا 05 فروری) کے سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مانسہرہ عثمان علی کی زیرِ صدارت پولیو مہم کی تیاریوں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا

قومی پولیو مہم فروری 2026 (جو 02 تا 05 فروری) کے سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مانسہرہ عثمان علی کی زیرِ صدارت پولیو مہم کی تیاریوں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ صحت، ضلعی انتظامیہ، پولیس، محکمہ تعلیم اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران پولیو مہم کے مائیکرو پلان، سیکیورٹی انتظامات، کولڈ چین، لاجسٹک سپورٹ اور مانیٹرنگ کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ حالیہ برفباری سے متاثرہ علاقوں میں پولیو ٹیموں کی رسائی اور مہم کے مؤثر انعقاد پر بھی غور کیا گیاایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ برفباری سے متاثرہ اور دور دراز علاقوں کے لیے خصوصی حکمتِ عملی اختیار کی جائے، اضافی موبائل ٹیمیں تعینات کی جائیں اور ضرورت پڑنے پر کیچ اپ سیشنز کا انعقاد کیا جائے تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو کے حفاظتی قطروں سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ٹیموں کی نقل و حرکت، سیکیورٹی انتظامات اور سڑکوں کی بحالی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔مزید برآں، انہوں نے ڈسٹرکٹ خطیب مانسہرہ پر زور دیا کہ جمعہ کے خطبات میں انسدادِ پولیو مہم کی اہمیت اور بچوں کو پولیو کے قطروں کی افادیت سے متعلق خصوصی آگاہی فراہم کی جائے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مانسہرہ عثمان علی نے واضح کیا کہ پولیو مہم کے دوران کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی کیونکہ بچوں کی صحت حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور پولیو کے مکمل خاتمے تک بھرپور کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔


