قومی

سندھ حکومت کا سٹی اینڈ گلڈز کے ساتھ تاریخی معاہدہ، لاکھوں نوجوانوں کے لیے عالمی روزگار کے دروازے کھل گئے

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی کوششیں رنگ لے آئیں، سندھ کے ہنر مند نوجوانوں کو یورپ، افریقہ اور مشرقِ وسطیٰ میں ملازمت کے مواقع میسر ہوں گے

سندھ حکومت نے صوبے کے لاکھوں ہنر مند نوجوانوں کو بین الاقوامی سطح پر روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے سٹی اینڈ گلڈز کے ساتھ ایک اہم معاہدہ کر لیا ہے۔ اس پیش رفت کو چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی کوششوں کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے، جس سے سندھ کے نوجوانوں کے لیے عالمی سطح پر روزگار کے نئے دروازے کھل گئے ہیں۔

 

اس سلسلے میں سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن اور جی ای ایم ایس پاتھ ویز کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب سندھ سیکریٹریٹ کراچی میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں صوبائی وزیر جامعات اسماعیل راہو، سیکریٹری جامعات عباس بلوچ، سندھ ٹیکنیکل بورڈ کے چیئرمین مشرف علی راجپوت، صوبے کے تمام ٹیکنیکل بورڈز کے چیئرمینز اور جی ای ایم ایس پاتھ ویز کے نمائندوں نے شرکت کی۔

 

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر جامعات اسماعیل راہو نے کہا کہ ہمارا وژن نوجوانوں کو محض ڈگریاں دینا نہیں بلکہ انہیں ایسا ہنر فراہم کرنا ہے جس کی دنیا بھر میں مانگ ہو۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کے تحت فنی تعلیم یافتہ نوجوان یورپ، افریقہ، مشرقِ وسطیٰ اور سعودی عرب میں بہترین روزگار کے مواقع حاصل کر سکیں گے۔

 

اسماعیل راہو نے مزید بتایا کہ جی ای ایم ایس پاتھ ویز کامیاب طلبہ کو متعلقہ ممالک کی لیبر مارکیٹ میں جگہ دلوانے کے لیے بھرپور معاونت فراہم کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب سندھ کے ٹیکنیکل طلبہ کو آئی ٹی، مصنوعی ذہانت، ہیلتھ کیئر اور انجینئرنگ کے شعبوں میں بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ اسناد حاصل ہوں گی۔

 

صوبائی وزیر نے کہا کہ اس اقدام سے سندھ کی افرادی قوت کا معیار بلند ہوگا اور ملک کے لیے کثیر زرِمبادلہ کمانے کی راہ ہموار ہوگی، جو قومی معیشت کے لیے نہایت اہم ثابت ہوگا۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button