قومی

نوجوان سب سے قیمتی اثاثہ، پی ایم لیپ ٹاپ سکیم نے طلبہ کو ڈیجیٹل دنیا سے جوڑ دیا ہے: انجینئر امیر مقام

صوابی یونیورسٹی میں لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب، وفاقی حکومت کے تعلیمی و نوجوان دوست اقدامات پر روشنی

وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کی لیپ ٹاپ سکیم نے ملک بھر خصوصاً خیبر پختونخوا کے پسماندہ علاقوں کے طلبہ کو جدید تعلیم اور ڈیجیٹل دنیا سے مؤثر طور پر جوڑ دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو صوابی یونیورسٹی میں وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کے تحت طلبہ میں لیپ ٹاپس تقسیم کرنے کی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ صوابی یونیورسٹی میں نوجوانوں کے اس اجتماع میں شرکت ان کے لیے باعثِ فخر ہے کیونکہ یہی نوجوان پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ اس قوم کا کل ہیں اور تعلیم، تحقیق اور ٹیکنالوجی کے ذریعے ہی ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔

وفاقی وزیر نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے ہمیشہ نوجوانوں کو قومی ترقی کا محور بنایا ہے۔ پی ایم لیپ ٹاپ سکیم ایک انقلابی اقدام ہے جس کے ذریعے طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی تک رسائی حاصل ہوئی اور وہ ڈیجیٹل دنیا سے جڑ کر عالمی معیار کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صوابی یونیورسٹی کے 241 طلبہ اس سکیم سے براہِ راست مستفید ہو رہے ہیں جو وفاقی حکومت کی سنجیدہ کوششوں کا واضح ثبوت ہے۔

انجینئر امیر مقام نے چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کے لیے تعلیم، روزگار، سکالرشپس اور ہنر مندی کے بے شمار مواقع پیدا کیے گئے ہیں جس سے لاکھوں نوجوان بااختیار ہوئے ہیں۔

وفاقی وزیر نے ملکی سلامتی اور خارجہ محاذ پر حکومت کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جرات مندانہ قیادت کے باعث پاکستان نے نہ صرف اپنے دفاع کو ناقابلِ تسخیر ثابت کیا بلکہ عالمی سطح پر بھی اس کا مؤقف مضبوط ہوا۔ انہوں نے کہا کہ صوابی یونیورسٹی کے لیے وفاقی حکومت نے نمایاں اقدامات کیے ہیں، جن میں پی ایس ڈی پی کے تحت اکیڈمک بلاکس کی تعمیر اور اضافی فنڈز کی فراہمی شامل ہے، جبکہ ہونہار سکالرشپس کے تحت یونیورسٹی کے 50 طلبہ مستفید ہو چکے ہیں۔

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وفاقی حکومت نوجوانوں پر سرمایہ کاری کر رہی ہے تاہم صوبائی حکومت کو بھی چاہیے کہ وہ نوجوانوں کو ترجیح دے۔ آخر میں انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہی پاکستان کا مستقبل اور طاقت ہیں، ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button