عالمی

صدرِ مملکت آصف علی زرداری چار روزہ سرکاری دورے پر ابوظہبی پہنچ گئے

دورے کے دوران قیادت سے ملاقاتیں، تجارت، اقتصادی شراکت داری، دفاع اور عوامی روابط پر تبادلۂ خیال ہوگا

صدرِ مملکت آصف علی زرداری متحدہ عرب امارات کے چار روزہ سرکاری دورے پر ابوظہبی پہنچ گئے۔ ابوظہبی کے زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے پریذیڈنشل فلائٹ ٹرمنل پر متحدہ عرب امارات کے وزیرِ انصاف عبد اللہ بن سلطان بن عواد النعیمی نے صدرِ مملکت کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر شفقت علی خان بھی موجود تھے۔

ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدرِ مملکت کے ہمراہ خاتونِ اوّل بی بی آصفہ بھٹو زرداری اور وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی بھی ہیں۔ صدر آصف علی زرداری کا یہ دورہ 29 جنوری 2026 تک جاری رہے گا۔

دورے کے دوران صدرِ مملکت متحدہ عرب امارات کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جن میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جامع جائزہ لیا جائے گا۔ ملاقاتوں میں تجارت، سرمایہ کاری، اقتصادی شراکت داری، دفاعی تعاون، علاقائی سلامتی اور عوامی روابط کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال متوقع ہے۔

بیان کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، باہمی اعتماد کے فروغ اور دیرپا شراکت داری کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان قریبی سفارتی، معاشی اور عوامی سطح کے تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے یہ دورہ اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button