ریڈ اور یلو لائن بی آر ٹی منصوبوں میں تیزی، ای وی بسز اور پنک اسکوٹیز کے دوسرے مرحلے کی ہدایت
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ محکمہ کا اہم اجلاس، جاری منصوبوں کا تفصیلی جائزہ

سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کا ایک اہم اجلاس کراچی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سی ای او ٹرانس کراچی فواد غفار سومرو، پروجیکٹ ڈائریکٹر یلو لائن بی آر ٹی ضمیر عباسی اور سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں کراچی میں جاری مختلف ٹرانسپورٹ منصوبوں بالخصوص ریڈ لائن اور یلو لائن بی آر ٹی کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے حکام نے شہر میں مزید نئی ای وی بسز اور ای وی ٹیکسی متعارف کرانے کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔
سی ای او ٹرانس کراچی نے ریڈ لائن بی آر ٹی پر جاری کام سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نیپا چورنگی کے قریب ریڈ لائن کے دونوں اطراف تعمیراتی کام مکمل کیا جا رہا ہے۔ یلو لائن بی آر ٹی کے پروجیکٹ ڈائریکٹر نے منصوبے میں پیش رفت سے آگاہ کیا اور بتایا کہ سینیٹر تاج حیدر پل کے دوسرے حصے کو منہدم کرنے کا عمل جاری ہے، جس کے بعد جلد تعمیراتی سرگرمیوں کا آغاز کیا جائے گا۔
اس موقع پر سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ تمام منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ریڈ لائن اور یلو لائن بی آر ٹی شہر کے اہم مقامات اور کاروباری مراکز کو آپس میں جوڑنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کسی بھی ممکنہ تاخیر سے بچنے کے لیے فیلڈ لیول پر درپیش مسائل کا فوری حل یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جدید شہری ٹرانسپورٹ کے بغیر کسی بھی شہر کی ترقی ممکن نہیں، اور بی آر ٹی منصوبوں کی تکمیل سے کراچی کے ٹرانسپورٹ نظام میں نمایاں بہتری آئے گی۔
سینئر وزیر نے پنک اسکوٹیز کے دوسرے مرحلے کو جلد شروع کرنے اور کراچی کے ساتھ ساتھ دیگر شہروں میں بھی پنک اسکوٹیز کی تقسیم کے پروگرام منعقد کرنے کی ہدایت جاری کی۔



