قومی

تعلیم کو قومی ترجیح اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی ضرورت پر صدر مملکت کا زور

بین الاقوامی یومِ تعلیم کے موقع پر صدر آصف علی زرداری کا خصوصی پیغام ت

صدر مملکت آصف علی زرداری نے تمام اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا ہے کہ وہ تعلیم کو قومی ترجیح کے طور پر ازسرِنو تسلیم کریں اور نوجوانوں کو ایک ہنرمند، باخبر اور مضبوط پاکستان کی تعمیر میں شراکت دار بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل اس کے نوجوانوں سے جڑا ہوا ہے اور ایک بڑی نوجوان آبادی کے حامل ملک کے طور پر ہمیں ایسا تعلیمی نظام تشکیل دینا ہوگا جو تجسس، قابلیت اور کردار کو فروغ دے۔

بین الاقوامی یومِ تعلیم کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ تعلیم نوجوانوں کو تنقیدی سوچ، اخلاقی طرزِ عمل اور اپنی برادری کے لیے مثبت کردار ادا کرنے کے قابل بناتی ہے۔ انہوں نے طلبہ، اساتذہ، والدین، محققین اور تعلیم کے شعبے سے وابستہ تمام افراد کو اس دن کی مبارکباد بھی دی۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ رواں سال کا موضوع ’’تعلیم کی مشترکہ تخلیق میں نوجوانوں کی طاقت‘‘ اس امر کو اجاگر کرتا ہے کہ نوجوانوں کو صرف سیکھنے والوں کے طور پر نہیں بلکہ مفکرین، اختراع کاروں اور ذمہ دار شہریوں کے طور پر تسلیم کیا جانا چاہیے، جن کے خیالات تعلیمی نظام اور جمہوری معاشروں کو مضبوط بناتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 25-اے کے تحت مفت اور لازمی تعلیم کی ضمانت اس بنیادی حق کے لیے قومی عزم کی عکاس ہے۔ تیزی سے بدلتی اور باہم مربوط دنیا میں تعلیم کو علمی برتری کے ساتھ ساتھ عملی مہارتوں، ڈیجیٹل خواندگی، اخلاقی اقدار اور تنوع کے احترام سے ہم آہنگ ہونا چاہیے۔

صدر مملکت نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کو مضبوط بنانے، تحقیق و جدت کے فروغ اور ڈیجیٹل لرننگ کے دائرہ کار کو وسعت دینے کی کوششیں اسی وژن کی عکاسی کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم تک رسائی میں اضافہ، میرٹ پر مبنی طلبہ معاونت اور ٹیکنالوجی تک بہتر رسائی نوجوانوں کو نالج اکانومی سے مؤثر طور پر جوڑنے میں مدد دے رہی ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے فنی اور پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ نوجوانوں کو روزگار کے قابل مہارتیں فراہم کرنے اور محنت کی عزت کو اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ قومی سطح پر اسکل ڈویلپمنٹ اقدامات نوجوانوں کو ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے لیے تیار کر رہے ہیں اور تربیت کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کر کے روزگار، کاروبار اور عالمی مواقع کے دروازے کھول رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خواتین، مدارس کے طلبہ اور پسماندہ علاقوں کے نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنے والی جامع پالیسیاں سماجی ہم آہنگی کو فروغ دیتی ہیں اور ترقی کو منصفانہ بناتی ہیں۔ صدر مملکت نے اس امر پر بھی زور دیا کہ تعلیم اسی وقت پھلتی پھولتی ہے جب خاندان، برادریاں، اساتذہ، تعلیمی ادارے، نجی شعبہ اور خود طلبہ مل کر تعلیمی ماحول کی تشکیل میں کردار ادا کریں۔

اپنے پیغام کے اختتام پر صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ہماری اجتماعی کاوشیں آنے والی نسلوں کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی کے فروغ کا باعث بنتی رہیں۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button