ہزارہ

”پولیو کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، ہزارہ ڈویژن کو پولیو فری بنا کر مثبت پیغام دینا ہوگا” کمشنر ہزارہ فیاض علی شاہ

 

کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ کی زیرِ صدارت پولیو کے خاتمے سے متعلق ڈویژنل ٹاسک فورس کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں فروری میں ہونے والی آئندہ پولیو مہم کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کی کوآرڈینیٹر نے پولیو مہم کے مختلف پہلوؤں پر جامع بریفنگ دی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ہزارہ نے کہا کہ پولیو مہم کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے درست، بروقت اور مستند ڈیٹا کی فراہمی نہایت ضروری ہے تاکہ کسی بھی کمی کو فوری طور پر دور کیا جا سکے۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کو ہدایت کی کہ داخلی مانیٹرنگ کے لیے اپنے وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ٹیمیں نامزد کی جائیں تاکہ مس شدہ بچوں کی بروقت اور مکمل کوریج یقینی بنائی جا سکے۔کمشنر ہزارہ نے مزید ہدایت کی کہ ماسٹر ٹرینرز کی تربیت کے دوران یونین کونسل سطح کے ٹرینرز کو خصوصی اور مؤثر ٹریننگ دی جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ ڈپٹی کمشنرز اور ڈی ایچ اوز خود ٹریننگ سیشنز کا دورہ کریں اور ماسٹر ٹرینرز، مانیٹرز اور فیلڈ اسٹاف کی حوصلہ افزائی کریں تاکہ پولیو مہم کے معیار میں نمایاں بہتری لائی جا سکے۔انہوں نے انکار (ریفیوژل) کیسز کی بروقت، درست اور مکمل رپورٹنگ کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے فوری اور مؤثر کارروائی ممکن ہو سکے گی۔ کمشنر ہزارہ نے ٹرانزٹ پوائنٹس پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈی ایچ اوز اپنے وسائل سے عملہ تعینات کریں تاکہ مسافروں اور سیاحوں کے ہمراہ موجود بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا سکیں۔پولیس کے حوالے سے کمشنر ہزارہ نے ہدایت کی کہ پولیو مہم کے دوران مؤثر سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ایک جامع ڈیپلائمنٹ پلان مرتب کر کے تمام ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ شیئر کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پولیس اہلکار پولیو ٹیموں کے ساتھ مہم کے دوران جائیں اور واپسی تک ہمراہ رہیں تاکہ سیکیورٹی اور مہم کے معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔کمشنر ہزارہ نے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی ایچ اوز کو ہدایت کی کہ وہ باہمی مشاورت سے اپنے اضلاع کے زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے مؤثر منصوبہ بندی اور عملی حکمتِ عملی ترتیب دیں۔ انہوں نے اس بات پر خصوصی زور دیا کہ پولیو مہم سے متعلق شام کی جائزہ میٹنگز میں اسسٹنٹ کمشنرز اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز کی شرکت یقینی بنائی جائے تاکہ فیلڈ لیول پر نگرانی اور عملدرآمد کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔اجلاس کے دوران کمشنر ہزارہ نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور ہزارہ ڈویژن سے پولیو کے مکمل خاتمے کے ذریعے ایک مثبت اور حوصلہ افزا پیغام دینا ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مربوط کوششوں، مسلسل نگرانی اور مشترکہ کاوشوں سے ہزارہ ڈویژن کو پولیو فری بنایا جائے گا۔اجلاس کے اختتام پر کمشنر ہزارہ نے ہدایت کی کہ ممبرانِ اسمبلی، سماجی کارکنان اور علمائے کرام کے آگاہی پیغامات ریکارڈ کر کے سوشل میڈیا پر جاری کیے جائیں تاکہ عوام میں پولیو مہم کی اہمیت اجاگر ہو اور مہم کو کامیابی سے ہمکنار کیا جا سکے۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button