قومی

بیرسٹر راجہ خلیق الزمان انصاری کا گل پلازہ کی آتش زدہ عمارت کا دورہ، ریسکیو آپریشن کا جائزہ

وزیرِ اعظم کا خصوصی پیغام متاثرین تک پہنچایا، وفاقی حکومت اور قوم کراچی کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے

وزارتِ اطلاعات و نشریات حکومتِ پاکستان کے ترجمان برائے سندھ بیرسٹر راجہ خلیق الزمان انصاری نے گل پلازہ کی آتش زدہ عمارت کا دورہ کیا اور جاری امدادی و ریسکیو آپریشن کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اتوار کو جاری کردہ اعلامیے کے مطابق بیرسٹر راجہ خلیق الزمان انصاری نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور اس اندوہناک سانحے پر دلی افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کا خصوصی پیغام متاثرین تک پہنچاتے ہوئے کہا کہ اس دکھ اور کرب کی گھڑی میں وفاقی حکومت اور پوری قوم کراچی کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیرِ اعظم نے اس المناک واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کی ہے۔ وزیرِ اعظم نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ ریسکیو اور ریلیف کے عمل کو مزید تیز کیا جائے اور تمام متعلقہ ادارے باہمی اشتراک سے بھرپور انداز میں کام کریں۔

ترجمان حکومتِ پاکستان برائے سندھ نے کہا کہ انسانی جانیں سب سے قیمتی ہیں اور حکومت اس المناک واقعے کے متاثرین کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی۔ متاثرین کو فوری سہولیات کی فراہمی اور مزید جانی نقصان سے بچاؤ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button