تعلیم و صحتٹیکنالوجیعالمیقومی

وزیر خزانہ سے امریکی ناظم الامور کی ملاقات

امریکا کی جانب سے پاکستان کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مکمل حمایت کا اعادہ

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے پاکستان میں امریکا کی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران دو طرفہ معاشی تعاون، اصلاحات اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

امریکی ناظم الامور نے پاکستان میں معاشی استحکام اور اقتصادی بہتری کے لیے حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات کی تعریف کی اور اصلاحات کے عمل اور کلی معیشت کے استحکام کے ایجنڈے کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے امریکا کی جانب سے مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔

وفاقی وزیر خزانہ نے پاکستان اور امریکی کمپنی لبرٹی فنانشل کے درمیان کرپٹو کرنسی تعاون کے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے جدید مالیاتی شعبے میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کی اہم مثال قرار دیا۔

نیٹلی بیکر نے پاکستان کے ساتھ تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی خواہش کا اظہار کیا، جبکہ وزیر خزانہ نے معاشی اصلاحات کے تسلسل، سرمایہ کار دوست ماحول کے قیام اور عالمی شراکت داروں کے ساتھ تعاون بڑھانے کے لیے حکومت کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button