قومی

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جامعہ اشرفیہ لاہور آمد، مولانا فضل الرحیم اشرفی کے انتقال پر تعزیت

مرحوم کی دینی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں، جامعہ اشرفیہ نے ہمیشہ اتحادِ امت کا کردار ادا کیا

وزیراعظم محمد شہباز شریف مرحوم مہتممِ اعلیٰ جامعہ اشرفیہ لاہور مولانا فضل الرحیم اشرفی کے انتقال پر تعزیت کے لیے جامعہ اشرفیہ لاہور پہنچے، جہاں انہوں نے مرحوم کے اہلِ خانہ اور جامعہ انتظامیہ سے اظہارِ افسوس کیا۔

وزیراعظم نے موجودہ مہتممِ اعلیٰ مولانا قاری ارشد عبید سے ملاقات کی اور مولانا فضل الرحیم اشرفی کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر نائب مہتممِ اعلیٰ حافظ اسد عبید، نائب مہتمم اور مرحوم کے صاحبزادے زبیر حسن، ناظمِ اعلیٰ قاری مولانا اویس حسن بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے مرحوم کی مغفرت، بلندیٔ درجات اور پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحیم اشرفی نے اپنی پوری زندگی دینِ اسلام کی خدمت، دینی تعلیم کے فروغ اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے وقف کر رکھی تھی، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ جامعہ اشرفیہ برصغیر کا ایک معتبر دینی ادارہ ہے، جس نے ہر دور میں علم، رواداری اور اتحادِ امت کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کی خدمات نہ صرف پاکستان بلکہ عالمِ اسلام میں قدر کی نگاہ سے دیکھی جاتی ہیں۔

وزیراعظم نے اس موقع پر اپنے ماضی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے والد محترم میاں محمد شریف کے ہمراہ طویل عرصے تک جامعہ اشرفیہ میں نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے لیے باقاعدگی سے حاضر ہوتے رہے، اور اس ادارے سے ان کی گہری وابستگی رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دینی مدارس نے ہمیشہ معاشرے میں امن، برداشت اور بھائی چارے کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے اور جامعہ اشرفیہ اس کی روشن مثال ہے۔

دورے کے موقع پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاونِ خصوصی طلحہ برکی بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے۔

آخر میں وزیراعظم نے جامعہ انتظامیہ کی دینی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت دینی اداروں کے مثبت کردار کی قدر کرتی ہے اور ان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button