افسوسناک خبر: اسلام آباد جی سیون ٹو میں شادی کی خوشیاں ماتم میں بدل گئیں، سلنڈر دھماکہ
اسلام آباد کے علاقے جی سیون ٹو میں شادی والے گھر میں سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں دلخراش حادثہ پیش آیا، جس میں دلہا اور دلہن سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ 9 افراد زخمی ہو گئے

تفصیلات کے مطابق دھماکہ شادی کی تقریبات کے دوران گھر کے اندر ہوا، جس کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ قریبی 4 گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔ دھماکے کے فوراً بعد علاقے میں افراتفری پھیل گئی اور ریسکیو ادارے موقع پر پہنچ گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق ملبے تلے دبنے والے تمام افراد کو نکال لیا گیا ہے، تاہم مزید تسلی کے لیے کے نائن یونٹ اور جدید ریسکیو ٹیکنالوجی کی مدد سے سرچ آپریشن جاری رکھا گیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد متعلقہ اداروں نے دھماکے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ گیس سلنڈر میں خرابی بتائی جا رہی ہے۔
شادی کی خوشیوں کا یوں المیے میں بدل جانا علاقے کے مکینوں کے لیے صدمے کا باعث بن گیا ہے، ہر آنکھ اشکبار اور ہر دل غم سے نڈھال ہے۔



